سردار پٹیل اسٹیڈیم، احمد آباد

1 1,083

سردار پٹیل اسٹیڈیم بھارت کی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں واقع ہے۔ یہ بھارت کے پہلے وزیر داخلہ اور نائب وزیر اعظم سردار ولبھ بھائی پٹیل سے موسوم ہے۔ یہاں گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کا صدر دفتر بھی واقع ہے۔ جبکہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں یہ راجستھان رائلز کا گھر ہے۔

54 ہزار افراد کی گنجائش کا حامل یہ میدان رات میں مقابلے کروانے کی سہولت بھی رکھتا ہے۔ یہاں پہلا ٹیسٹ 1983ء جبکہ پہلا ایک روزہ میچ 1984ء میں کھیلا گیا۔
سنیل گواسکر میں اسی میدان میں ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے پہلے بلے باز کا اعزاز حاصل کیا۔ جبکہ سات سال بعد کپل دیو نے 432 ٹیسٹ وکٹ حاصل کر کے سر رچرڈ ہیڈلی کا سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹوں کا ریکارڈ توڑا۔ سچن ٹنڈولکر نے اپنی پہلی ڈبل سنچری اسی میدان میں 1999ء میں بنائی تھی۔

پاکستان اور بھارت اپریل 2005ء میں اس میدان پر مدمقابل ہو چکے ہیں۔ اس ہائی اسکورنگ میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 48 اوورز میں 316 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے انضمام الحق کی انتہائی سنجیدگی اور بربادی کے باعث 3 وکٹوں سے جیتا۔ پاکستان کو آخری اوور میں 3 رنز درکار تھے۔ پہلی دو گیندیں ضائع ہونے کے بعد انضمام دو رنز بنانے میں کامیاب ہوئے اور آخری تین گیندوں پر محض ایک رن ہی بنانا تھا۔ اس موقع پر انضمام الحق نے دو گیندوں پر کوئی جارحانہ اسٹروک کھیلنے کے بجائے روک لیا۔ یوں لگتا تھا سچن ٹنڈولکر میچ برابر کروانے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن آخری گیند پر انضمام الحق نے انتہائی خوبصورت کٹ کھیلتے ہوئے گیند کو باؤنڈری لائن کی راہ دکھادی اور پاکستان کو ایک یادگار فتح ملی۔

یہ میدان 1987ء اور 1996ء میں ہونے والے عالمی کپ کے دو میچز کی میزبانی کر چکا ہے جبکہ 2006ء میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے 5 مقابلوں کی میزبانی کا اعزاز بھی اسے ملا ہے۔

عالمی کپ 2011ء

یہ میدان عالمی کپ 2011ء میں ایک کوارٹر فائنل سمیت تین میچز کی میزبانی کرے گا۔

گروپ اے : آسٹریلیا بمقابلہ زمبابوے – 21 فروری بروز پیر
گروپ اے : نیوزی لینڈ بمقابلہ زمبابوے – 4 مارچ بروز جمعہ
کوارٹر فائنل – 24 مارچ بروز جمعرات