دو ایڈورڈز نے ویسٹ انڈیز کو یادگار سیریز فتح دلا دی، بنگلہ دیش پھر ناکام

1 1,022

دو ایڈورڈز یعنی کرک اور فیڈل کی عمدہ کارکردگی اور دیوندر بشو کی اسپن جادوگری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 2003ء کے بعد کسی غیر ملکی سرزمین پر پہلی ٹیسٹ سیریز جیت لی۔ بنگلہ دیش کے خلاف اس یادگار فتح میں بشو کے علاوہ ڈیرن براوو کی 195 رنز کی زبردست اننگز اور کرک ایڈورڈز کی کیریئر بیسٹ شاندارسنچری کا اہم کردار رہا۔ ایڈورڈز بدقسمتی سے دوسری اننگز میں سنچری مکمل نہ کر پائے اور ایک انوکھا ریکارڈ بنانے سے محروم رہ گئے۔

ڈیرن سیمی سیریز جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ (تصویر: AFP)
ڈیرن سیمی سیریز جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ (تصویر: AFP)

میرپور، ڈھاکہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کے لیے یہ ٹیسٹ اس لیے بھی زیادہ اہمیت کا حامل تھا کہ چٹاگانگ کا پہلا ٹیسٹ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوا تھا اور سیریز جیتنے کے لیے اس کا حتمی ٹیسٹ میں فتح حاصل کرنا ضروری تھا اور ابتداء ہی سے ویسٹ انڈیز سے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ پہلے روز اوپنرز کریگ بریتھویٹ اور کیرن پاول کی 100 رنز کی شراکت نے گویا فتح کی بنیاد رکھی لیکن اننگز کی خاص بات کرک ایڈورڈز کی عمدہ اننگز تھی جنہوں نے 2 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 121 رنز بنائے۔ ان سے قبل کریگ بریتھویٹ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم کرک ایڈورڈز کی طویل اننگز نے تقریبا تمام ہی بلے بازوں کے ساتھ شراکت داریاں قائم کیں خصوصا چھٹی وکٹ پر 87 رنز نے ویسٹ انڈیز کو 300 کا نفسیاتی ہدف عبور کرنے میں کامیابی دی۔ اس وکٹ پر سیموئلز نے 79 گیندوں پر 48 رنز بنا کر ایڈورڈز کا بھرپور ساتھ دیا۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز قابل ذکر شراکت قائم نہ کر سکا۔ ڈیرن براوو 12، شیونرائن چندر پال 18، کیمار روچ 6، کارلٹن با 6 اور کپتان ڈیرن سیمی محض 1 رن بنا کر پویلین لوٹے۔ لوئر آرڈر کی اس تباہی کے ذمہ دار بنگلہ دیش کے اسپنر شکیب الحسن تھے جنہوں نے 63 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تین وکٹیں ناصر حسین کو ملیں۔ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 355 رنز پر تمام ہوئی۔

جواب میں بنگلہ دیشی بلے باز ویسٹ انڈیزفیڈل ایڈورڈز کے تباہ کن وار نہ سہ پائے جنہوں نے اپنے چار اوورز میں 5 اہم ترین حریف بلے بازوں کو پویلین پہنچایا اور کیریئر میں 11 ویں مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ ان میں تمیم اقبال 14، شہریار نفیس 7، رقیب الحسن 0، کپتان مشفق الرحیم 0 اور امر القیس 29 رنز کی قیمتی ترین وکٹیں شامل تھیں۔ ویسٹ انڈیز یہ ضرب ایسی کاری ثابت ہوئی کہ اس دھچکے سے بنگلہ دیش آخر تک نہیں نکل پایا۔ اس کی آدھی ٹیم محض 59 پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ اس موقع پر شکیب الحسن کی مزاحمت قائم آئی جنہوں نے پہلے نعیم اسلام کے ساتھ مل کر 84 رنز بنائے۔ شکیب 74 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلنے کے بعد دیوندر بشو کا نشانہ بنے۔ بعد ازاں نعیم نے ناصر حسین کے ساتھ مل کر مزید 52 رنز جوڑے اور بنگلہ دیش کی آخری قابل ذکر شراکت تھی۔ نعیم 45 رنز بنانے کے بعد بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو گئے۔ ناصر حسین نے 42 رنز بنائے اور یوں بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا اختتام 231 رنز پر ہوا۔

ڈیرن براوو محض 5 رنز کی کمی سے کیریئر کی پہلی سنچری کو ڈبل سنچری میں نہ بدل سکے اور آؤٹ ہونے کے بعد کف افسوس ملتے رہ گئے (تصویر: AFP)
ڈیرن براوو محض 5 رنز کی کمی سے کیریئر کی پہلی سنچری کو ڈبل سنچری میں نہ بدل سکے اور آؤٹ ہونے کے بعد کف افسوس ملتے رہ گئے (تصویر: AFP)

124 رنز کی برتری کے باعث ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز کا آغاز قدرے ذہنی سکون کے ساتھ کیا لیکن شاید اسی وجہ سے ان کو ابتدائی نقصان سہنا پڑے۔ پہلے ہی اوور میں کریگ بریتھویٹ رن آؤٹ ہو گئے تو 33 تک پہنچتے پہنچتے کیرن پاول بھی ان فارم شکیب الحسن کی وکٹ بن گئے۔ اس موقع پر صورتحال کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے گزشتہ اننگز کے ہیرو کرک ایڈورڈز اور برائن لارا کے جانشیں سمجھے جانے والے ڈیرن براوو نے اننگز کو سنبھالا دیا۔ دونوں نے تیسری وکٹ پر 151 رنز کی فتح گر شراکت داری قائم کی اور ویسٹ انڈیز کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔ کرک ایڈورڈز بدقسمتی سے دوسری اننگز میں اپنی سنچری مکمل کر کے انوکھا ریکارڈ نہ بنا پائے۔ وہ 204 گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنا کر سہروردی شووو کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ دوسرے اینڈ پر ڈیرن براوو چٹان کی طرح کھڑے رہے، پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے کے بعد وہ ڈبل سنچری کے نزدیک پہنچ گئے اور ویسٹ انڈیز ان کی ڈبل سنچری ہی کے انتظار میں اننگز ڈکلیئریشن کو ٹالتا رہا لیکن وہ ایک گیند کو میدان سے باہر پھینکنے کی کوشش میں کیچ تھما بیٹھے اور یوں ویسٹ انڈیز نے چوتھے روز چائے کے وقفے سے قبل 383 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر کے بنگلہ دیش کو فتح کے لیے 508 رنز کا ریکارڈ ہدف پیش کیا۔

اتنے کم وقت میں ریکارڈ ہدف عبور کرنا اور وہ بھی ویسٹ انڈیز کے دو دھاری باؤلنگ اٹیک کے سامنے جن کے پاس ان فارم فیڈل ایڈورڈز اور دیوندر بشو موجود تھے، تقریبا ناممکنات میں سے تھا۔اس مرتبہ بھی پہلی کامیابی فیڈل ایڈورڈز کے حصے میں آئی جنہوں نے اپنے دوسرے اور اننگز کے مجموعی طور پر تیسرے اوور میں امر القیس کو 9 رنز پر فرسٹ سلپ میں کیچ کرا دیا۔ اننگز میں تمیم اقبال، مشفق الرحیم اور شکیب الحسن جیسے تجربہ کار بنگلہ دیشی بلے باز ہی مزاحمت کر پائے ان کے علاوہ تمام کھلاڑی ناکام رہے۔ تمیم اقبال نے 83، شکیب الحسن نے 55 اور مشفق الرحیم نے 69 رنز بنائے۔ دیوندر بشو لوئر آرڈر پر چڑھ دوڑے اور ایک اینڈ سے بنگلہ دیشی اننگز کا صفایا کر دیا۔ انہوں نے 90 رنز دے کر 5 حریف بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ کپتان ڈیرن سیمی کو 2 اور فیڈل ایڈورڈز، کیمار روچ اور مارلون سیموئلز کو 1،1 وکٹ حاصل ہوئی۔

کرک ایڈورڈز کو دونوں اننگز میں عمدہ بلے بازی کامظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا جبکہ شکیب الحسن اپنی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ویسٹ انڈیز اس یادگار فتح کے بعد سال کے مشکل ترین دورے کے لیے بھارت کا رخ کرے گا جہاں وہ تین ٹیسٹ اور 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے گا۔ سیریز کا آغاز 6 نومبر سے دہلی میں پہلے ٹیسٹ سے ہو رہا ہے۔

جبکہ بنگلہ دیش رواں ماہ ایک اور ہوم سیریز میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ اور ایک روزہ مقابلوں کی تیاری کرے گا۔

بنگلہ دیش بمقابلہ ویسٹ انڈیز، دوسرا ٹیسٹ

29 اکتوبر تا 2 نومبر 2011ء

شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ

نتیجہ: ویسٹ انڈیز 229 رنز سے کامیاب

سیریز کا نتیجہ: ویسٹ انڈیز 1-0 سے فتحیاب

بہترین کھلاڑی: کرک ایڈورڈز (ویسٹ انڈیز)

ویسٹ انڈیز پہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
کریگ بریتھویٹ ک امر القیس ب روبیل حسین 50 102 5 0
کیرن پاول ب سہروردی شووو 72 150 10 0
کرک ایڈورڈز ایل بی ڈبلیو ب شکیب الحسن 121 273 14 2
ڈیرن براوو ایل بی ڈبلیو ب ناصر حسین 12 30 2 0
شیونرائن چندرپال ک مشفق الرحیم ب ناصر حسین 18 58 0 0
کیمار روچ ب شکیب الحسن 6 13 1 0
مارلون سیموئلز ک و ب ناصر حسین 48 79 7 0
کارلٹن با ک امر القیس ب شکیب الحسن 6 27 1 0
ڈیرن سیمی ہٹ وکٹ ب شکیب الحسن 1 6 0 0
فیڈل ایڈورڈز ایل بی ڈبلیو ب شکیب الحسن 9 14 1 0
دیوندر بشو ناٹ آؤٹ 2 9 0 0
فاضل رنز ب 2، ل ب 4، و 3، ن ب 1 10
مجموعہ 126.4 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 355

 

بنگلہ دیش(گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
شہادت حسین 16 1 76 0
روبیل حسین 24 3 71 1
شکیب الحسن 34.4 12 63 5
ناصر حسین 25 6 52 3
سہروردی شووو 23 3 73 1
نعیم اسلام 4 0 14 0

 

بنگلہ دیش پہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
تمیم اقبال ک براوو ب فیڈل ایڈورڈز 14 10 3 0
امر القیس ک بریتھویٹ ب فیڈل ایڈورڈز 29 26 5 1
شہریار نفیس ک براوو ب فیڈل ایڈورڈز 7 8 1 0
رقیب الحسن ایل بی ڈبلیو ب فیڈل ایڈورڈز 0 2 0 0
مشفق الرحیم ک چندرپال ب فیڈل ایڈورڈز 0 1 0 0
شکیب الحسن ب بشو 73 74 9 0
نعیم اسلام رن آؤٹ 45 113 5 0
ناصر حسین ک کرک ایڈورڈز ب سیموئلز 42 113 4 0
سہروردی شووو ک بریتھویٹ ب بشو 15 38 1 0
شہادت حسین ب بشو 4 13 0 0
روبیل حسین ناٹ آؤٹ 2 10 0 0
فاضل رنز 0
مجموعہ 68 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 231

 

ویسٹ انڈیز(گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
 فیڈل ایڈورڈز  13  0  63  5
 کیمار روچ  9  0  52  0
 ڈیرن سیمی  10  3  32  0
 دیوندر بشو  23  4  62  3
 مارلون سیموئلز  13  2  22  1

 

ویسٹ انڈیز دوسری اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
کریگ بریتھویٹ رن آؤٹ 0 2 0 0
کیرن پاول ک ناصر حسین ب شکیب الحسن 12 45 1 0
کرک ایڈورڈز ب سہروردی شووو 86 204 7 1
ڈیرن براوو ک مشفق الرحیم ب سہروردی شووو 195 297 12 5
کیمار روچ ک نعیم اسلام ب سہروردی شووو 12 46 0 0
شیونرائن چندرپال ناٹ آؤٹ 59 79 6 0
فاضل رنز ب 6، ل ب 4، و 5، ن ب 4 19
مجموعہ 111.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 383

 

بنگلہ دیش(گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
روبیل حسین 12 2 36 0
ناصر حسین 25 5 78 0
شکیب الحسن 21 1 79 1
نعیم اسلام 12 2 38 0
سہروردی شووو 26.3 3 73 3
شہادت حسین 11 0 57 0
رقیب الحسن 4 0  12 0

 

بنگلہ دیش دوسری اننگز، ہدف: 508 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
تمیم اقبال ک سیمی ب بشو 83 158 8 1
امر القیس ک کرک ایڈورڈز ب فیڈل ایڈورڈز 9 11 2 0
شہریار نفیس ک و ب سیمی 18 25 2 0
رقیب الحسن ک سیمی ب سیموئلز 17 52 0 0
مشفق الرحیم ب بشو 69 109 9 0
شکیب الحسن ک چندرپال ب سیمی 55 70 7 0
نعیم اسلام ایل بی ڈبلیو ب بشو 3 30 0 0
ناصر حسین ایل بی ڈبلیو ب بشو 3 12 0 0
سہروردی شووو ک سیمی ب بشو 0 2 0 0
شہادت حسین ناٹ آؤٹ 1 13 0 0
روبیل حسین ب روچ 7 6 1 0
فاضل رنز ب 6، ل ب 1، ن ب 6
مجموعہ 80.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 278

 

ویسٹ انڈیز (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
فیڈل ایڈورڈز 14 0 56 1
کیمار روچ 13.2 2 49 1
ڈیرن سیمی 13 4 19 2
دیوندر بشو 25 6 90 5
مارلون سیموئلز 15 2 57 1