شان مارش زخمی، دوسرے ٹیسٹ میں عثمان خواجہ کی شمولیت کا امکان

0 1,028

آسٹریلیا کے بلے باز شان مارش کمر کی تکلیف کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہيں۔ مڈل آرڈر بلے باز عثمان خواجہ کی اگلے مقابلے میں شمولیت کے امکانات واضح دکھائی دیتے ہیں۔ مارش کو کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں، جہاں آسٹریلیا نے ماضی قریب کی بدترین شکست کھائی، پہلی اننگز کے دوران تکلیف شروع ہوئی اور بعد ازاں وہ اتنی بڑھ گئی کہ وہ دوسرے روز میدان میں بھی نہ اتر سکے۔

شان مارش (دائیں) نے حال ہی میں دورۂ سری لنکا میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا شاندار آغاز کیا تھا (تصویر: AP)
شان مارش (دائیں) نے حال ہی میں دورۂ سری لنکا میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا شاندار آغاز کیا تھا (تصویر: AP)

تاہم دوسری اننگز میں، جب آسٹریلیا کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح جھڑنے لگیں، تو انہیں بادل نخواستہ میدان میں آنا پڑا لیکن وہ اپنی تکلیف کے باعث آسٹریلیا کے نجات دہندہ ثابت نہ ہو سکے اور ٹیم کی دوسری اننگز محض 47 پر تمام ہوئی۔

دونوں ٹیمیں جمعرات سے جوہانسبرگ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی تیاریاں کر رہی ہیں جس کے لیے ڈیوڈ وارنر پیر کو ٹیم میں شمولیت اختیار کریں گے تاہم نظر یہی آتا ہے کہ وارنر کو صرف حفظ ما تقدم کے تحت طلب کیا گیا ہے، اور تیز رفتار بلے بازی کے باعث شہرت رکھنے والے وارنر کی جگہ ٹھنڈے مزاج کے پاکستانی نژاد عثمان خواجہ کو دوسرا ٹیسٹ کھلایا جائے گا جو اس وقت ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔

پہلے ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد شان مارش کی عدم موجودگی سے ٹیم کے اعتماد میں اور اضافہ ہوگا اور ان کی کمی شدت سے محسوس ہوگی کیونکہ اس وقت وہ ٹیم کے ان اراکین میں شامل ہیں جن کی فارم بہتر ہے۔ سری لنکا کے خلاف کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری اور بعد ازاں 81 رنز بنانے کے بعد انہوں نے دورۂ جنوبی افریقہ کے واحد ٹور میچ میں بھی دو نصف سنچریاں جڑی ہیں اور اب ان کے جانے کے بعد آؤٹ آف فارم شین واٹسن اور رکی پونٹنگ پر دہری ذمہ داری عائد ہو جائے گی۔