سری لنکا کرکٹ کی عبوری کمیٹی تحلیل، انتخابات اگلے ماہ ہوں گے

0 1,007

سری لنکا کرکٹ کی عبوری کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا اور اگلے ماہ انتخابات کے ذریعے بورڈ کے عہدیداران کا فیصلہ کیا جائے گا۔

سری لنکا کی وزارت کھیل کے میڈیا سیکرٹری ہرشا ابیکون نے کہا ہے کہ "وزیر کھیل مہندنندا الوتھگاماگے نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے عبوری کمیٹی کو آج تحلیل کر دیا ہے اور اگلے ماہ بورڈ کے انتخابات تک روز مرہ امور کو چلانے کےلیے وزارت کے سیکرٹری اودے سینوی رتنے کو مجاز مقرر کیا ہے۔ وزیر اگلے تین ہفتوں میں نامزدگیاں طلب کریں گے اور پھر انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔"انتخابات ممکنہ طور پر 15 دسمبر کو ہوں گے۔

گزشتہ 8 ماہ سے کھلاڑیوں کو تنخواہ نہیں دی گئی، شاید ٹیم کی ناقص کارکردگی کی اہم وجہ بھی یہی ہو (تصویر: AFP)
گزشتہ 8 ماہ سے کھلاڑیوں کو تنخواہ نہیں دی گئی، شاید ٹیم کی ناقص کارکردگی کی اہم وجہ بھی یہی ہو (تصویر: AFP)

سری لنکاکی وزارت کھیل نے عالمی کپ 2011ء کے لیے تین نئے میدانوں کی تیاری کے بعد بورڈ میں پیدا ہونے والے مالی بحران پر یکم جولائی کو عبوری کمیٹی مقرر کر دی تھی جس کی سربراہی اُپالی دھرماسیناکو دی گئی لیکن اس اقدام کے باوجود بورڈ کے مالی حالات میں کوئی بہتری واقع نہیں ہوئی۔ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ اپریل میں عالمی کپ کے فائنل تک پہنچنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اب تک تنخواہ نہیں دی گئی ہے اور رواں ماہ وعدہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد انہیں تنخواہیں دے دی جائیں گی۔

شاید یہی وجہ ہے کہ عالمی کپ میں شاندار کارکردگی کے بعد سے سری لنکا شکستوں کی دلدل میں پھنس چکا ہے اور اس کے بعد سے اب تک کسی ٹیسٹ یا ایک روزہ سیریز میں فاتح بن کر نہیں ابھرا۔