دورۂ بھارت کا ایک روزہ مرحلہ، ویسٹ انڈین ٹیم کا اعلان، گیل اور براوو بدستور باہر

1 1,005

ویسٹ انڈیز نے دورۂ بھارت کے محدود اوورز کے مرحلے کے لیے 13 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں جیسن محمد اور سنیل نرائن کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں کو حال ہی میں کھیلے گئے مقامی ایک روزہ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے۔

جیسن محمد نے حال ہی میں سپر 50 ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا ہے (تصویر: CCIL)
جیسن محمد نے حال ہی میں سپر 50 ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا ہے (تصویر: CCIL)

محمد کو سپر 50 ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دینے کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے پر رچی رچرڈسن ٹرافی قرار دیا گیا تھا جبکہ دیونرائن حال ہی میں بھارت ہونے والی چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کے بعد شہرت حاصل کر چکے ہیں جہاں انہوں نے محض 4.37 رنز فی اوور دے کر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں سپر 50 میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے پر کرٹلی ایمبروز ٹرافی سے بھی نوازا گیا تھا جبکہ 'اے' ٹیم کے دورۂ بنگلہ دیش کے لیے منتخب ہوئے تھے۔

ٹیم میں شعلہ فشاں بلے باز کرس گیل اور اہم آل راؤنڈر ڈیوین براوو بدستور باہر ہیں اور ان دو کلیدی کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے عالمی چیمپئن کو زیر کرنے کے امکانات کم ہی ہیں۔

ڈیرن سیمی کی زیر قیادت ویسٹ انڈین ٹیم اس وقت بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے جس کے بعد 29 نومبر میں کٹک میں پہلے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے سے محدود اوورز کی سیریز کا آغاز ہوگا۔ سیریز میں مجموعی طور پر 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیلے جائیں گے۔

اعلان کردہ 13 رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

ڈیرن سیمی (کپتان)، ایڈرین بارتھ، ڈیرن براوو، ڈینزا ہیاٹ، انتھونی مارٹن، جیسن محمد، سنیل نرائن، کیرون پولارڈ، دنیش رام دین، روی رامپال، آندرے رسل، مارلون سیموئلز اور لینڈل سیمنز۔

بھارت بمقابلہ ویسٹ انڈیز، ایک روزہ مقابلوں کی سیریز

تاریخ میدان بوقت٭
29 نومبر بمقابلہ پہلا ایک روزہ باربتی اسٹیڈیم، کٹک 2 بجے دوپہر
2 دسمبر بمقابلہ دوسرا ایک روزہ راجا شیکھر ریڈی اسٹیڈیم، وشاکھاپٹنم 2 بجے دوپہر
5 دسمبر بمقابلہ تیسرا ایک روزہ سردار پٹیل اسٹیڈیم، احمد آباد 2 بجے دوپہر
8 دسمبر بمقابلہ چوتھا ایک روزہ ہولکر کرکٹ اسٹیڈیم، اندور 2 بجے دوپہر
11 دسمبر بمقابلہ پانچواں ایک روزہ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم، چنئی 2 بجے دوپہر

٭ تمام اوقات پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق ہیں۔