مہیلا جے وردھنے 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے 9 ویں کھلاڑی بن گئے

0 1,015

Mahela Jayawardeneسری لنکا کے مستند ترین بلے بازوں میں سے ایک مہیلا جے وردھنے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے 9 ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے مہیلا جے وردھنے نے یہ اعزاز سری لنکا اور پاکستان کے درمیان جاری ایک روزہ سیریز کے تیسرے مقابلے میں حاصل کیا۔

24 جون 1998 کو اپنے ایک روزہ بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کرنے والے 34 سالہ مہیلا جے وردھنے نے اب تک 355 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں سری لنکا کی نمائندگی کی ہے۔ اس دوران انہوں نے 15 سنچریز اور 61 نصف سنچریز اسکور کیں اور 33.45 کی اوسط سے 10,004 رنز بنائے۔

مہیلا جے وردھنے سے قبل دنیائے کرکٹ کے آٹھ بلے باز ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں 10 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں جن میں ان کے ہم وطن سنتھ جے سوریا بھی شامل ہیں۔ فہرست میں شامل واحد پاکستانی کھلاڑی سابق کپتان انضمام الحق ہیں۔

ایک روزہ کیرئیر میں 10 ہزار رنز سے زائد اسکور کرنے والے بلے بازوں کی مکمل فہرست یہ ہے:

کھلاڑی ملک رنز اوسط
سچن ٹنڈولکر بھارت 18111 45.16
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 13686 42.63
سنتھ جے سوریا سری لنکا 13430 32.36
انضمام الحق پاکستان 11739 39.52
ژاک کیلس جنوبی افریقہ 11372 45.48
سارو گنگولی بھارت 11363 41.02
راہول ڈریوڈ بھارت 10889 39.16
برائن لارا ویسٹ انڈیز 10405 40.48
مہیلا جے وردھنے سری لنکا 10004 33.45