[ریکارڈز] 50 سے زائد رنز اور 5 وکٹوں کا کارنامہ انجام دینے والے کھلاڑی

1 1,015

پاکستان کے شاہد آفریدی نے سری لنکا کے خلاف جاری سیریز کے چوتھے مقابلے میں 75 رنز بنائے اور 5 وکٹیں بھی حاصل کیں اور یوں ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے واحد کھلاڑی بن گئے جنہوں یہ کارنامہ دو مرتبہ انجام دیا۔

سر ویون رچرڈز یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی تھے، انہوں نے ایک ہی مقابلے میں سنچری داغی اور پانچ وکٹیں بھی حاصل کیں (تصویر: Getty Images)
سر ویون رچرڈز یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی تھے، انہوں نے ایک ہی مقابلے میں سنچری داغی اور پانچ وکٹیں بھی حاصل کیں (تصویر: Getty Images)

انہوں نے پہلی بار 27 اکتوبر 2000ء کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں انگلستان کے خلاف بلے اور گیند دونوں سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا تھا اور 40 رنز کے عوض انگلستان کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھانے کے بعد 61 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے فتح نصیب ہوئی۔ اس شاندار کارکردگی پر انہیں مقابلے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ اب 11 سال بعد انہوں نے ایک مرتبہ پھر 75 رنز کی میچ بچاؤ اننگز کھیلنے کے بعد سری لنکا کے 5 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ کارنامہ انجام دینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پہلا نام ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی ویون رچرڈز تھے جنہوں نے مارچ 1987ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈنیڈن میں 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد 41 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ان کے علاوہ سنچری اور پانچ وکٹوں کا کارنامہ انجام دینے کا اعزاز صرف انگلستان کے پال کولنگ ووڈ کو حاصل ہے جنہوں نے جون 2005ء میں بنگلہ دیش کے خلاف 112 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔

اس یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی مکمل فہرست درج ذیل ہے:

کھلاڑی رنز وکٹیں ٹیم بمقابلہ میدان تاریخ
ویون رچرڈز 119 5/41 ویسٹ انڈیز نیوزی لینڈ ڈنیڈن 18 مارچ 1987ء
کرش سری کانت 70 5/27 بھارت نیوزی لینڈ وشاکھاپٹنم 10 دسمبر 1988ء
مارک وا 57 5/24 آسٹریلیا ویسٹ انڈیز ملبورن 15 دسمبر 1992ء
لانس کلوزنر 54 6/49 جنوبی افریقہ سری لنکا لاہور 6 نومبر 1997ء
عبد الرزاق 70* 5/48 پاکستان بھارت ہوبارٹ 21 جنوری 2000ء
گریم ہک 80 5/33 انگلستان زمبابوے ہرارے 20 فروری 2000ء
شاہد آفریدی 61 5/40 پاکستان انگلستان لاہور 27 اکتوبر 2000ء
سارو گنگولی 71* 5/34 بھارت زمبابوے کانپور 11 دسمبر 2000ء
اسکاٹ اسٹائرس 63* 6/25 نیوزی لینڈ ویسٹ انڈیز پورٹ آف اسپین 12 جون 2002ء
رونی ایرانی 53 5/26 انگلستان بھارت اوول 9 جولائی 2002ء
کرس گیل 60 5/46 ویسٹ انڈیز آسٹریلیا سینٹ جارجز یکم جون 2003ء
پال کالنگ ووڈ 112* 6/31 انگلستان بنگلہ دیش ناٹنگھم 21 جون 2005ء
سنیل دھنی رام 79 5/32 کینیڈا برمودا کنگ سٹی، اونٹاریو 29 جون 2008ء
یووراج سنگھ 50* 5/31 بھارت آئرلینڈ بنگلور 6 مارچ 2011ء
شاہد آفریدی 75 5/35 پاکستان سری لنکا شارجہ 20 نومبر 2011ء