انجری مسائل؛ مائیکل ہسی اور ناتھن ہارٹز عالمی کپ سے باہر

0 1,043

انگلستان کے خلاف شاندار سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلیا کی عالمی اعزاز کے کامیاب دفاع کی امیدوں کو زبردست سہارا ملا۔ لیکن آج، جبکہ آسٹریلوی ٹیم بھارت کے لیے اڑان بھرنے والی ہے، دو اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی انہیں پریشانی میں مبتلا کرنے کے لیے کافی ہوگی۔

آسٹریلیا کی ٹیم میں کئی کھلاڑی فٹنس مسائل کے باعث انگلستان کے خلاف حالیہ سیریز میں نہیں کھیلے جن میں سے دو مائیکل ہسی اور ناتھن ہارٹزانجری کی شدت کے باعث عالمی کپ میں ملک کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے۔

آسٹریلیا گزشتہ کئی روز سے اس تذبذب میں مبتلا تھا کہ آیا وہ زخمی کھلاڑیوں کو صحت یابی کی امید کے ساتھ بھارت لے جائے یا پھر نوجوان و مکمل فٹ کھلاڑیوں پر انحصار کرے۔ بالآخر بھارت روانگی سے کچھ دیر قبل اس نے دوسرے آپشن کا انتخاب کرتے ہوئے مائیکل ہسی اور ناتھن ہارٹز کو اسکواڈ سے باہر کر دیا کیلم فرگوسن اور جیسن کریزا کو بھارت لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہسی انگلستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے دوران ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے۔


(دائیں سے بائیں) مائیکل ہسی، ناتھن ہارٹ، کیلم فرگوسن، جیسن کریزا۔

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا رکی پونٹنگ کی قیادت میں آج (بدھ کو) بھارت روانہ ہوگا جہاں وہ اتوار کو میزبان بھارت کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گا۔
ہسی اور ہارٹز کا باہر ہونا آسٹریلیا کے لیے بہت بڑا نقصان ہے کیونکہ ان دونوں کے زخمی ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا اپنے اہم مڈل آرڈر بلے باز اور بہترین اسپنر سے محروم ہو چکا ہے جو برصغیر کی کنڈیشنز میں بہت مددگار ثابت ہوتے۔ ہسی آئی سی سی کی ایک روزہ بلے بازوں کی فہرست میں اولین دس کھلاڑیوں میں موجود واحد آسٹریلوی ہیں اور میچ کا پانسہ پلٹ دینے کے باعث معروف ہیں۔

دوسری جانب ہارٹز بھی انگلستان کے خلاف سیریز کے دوران ہی فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے۔ سرجری کے بعد وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے تھے اور پیر کو نیٹ پریکٹس میں حصہ لیا لیکن مکمل فٹنس حاصل نہ کرنے کے باعث وہ بڑے ٹورنامنٹ کے لیے سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ آسٹریلیا کے زخمی کھلاڑیوں کی طویل فہرست میں سے کپتان رکی پونٹنگ، اسپنر اسٹیون اسمتھ اور وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کو گرین سگنل مل گیا ہے اور وہ بدھ کو بھارت کے لیے پرواز بھرنے والے جہاز میں سوار ہوں گے۔

عالمی کپ 2011ء کے لیے آسٹریلیا کا اسکواڈ اب ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:
رکی پونٹنگ (کپتان)، مائیکل کلارک، شین واٹسن، بریڈ ہیڈن، کیمرون وائٹ، کیلم فرگوسن، ڈیوڈ ہسی، ٹم پین، اسٹیون اسمتھ، جان ہیسٹنگز، مچل جانسن، جیسن کریزا، بریٹ لی، ڈوگ بولنجر اور شان ٹیٹ۔