پاکستانی خواتین نے عالمی کپ 2013ء کے لیے کوالیفائی کر لیا

0 1,190

پاکستان نے آئی سی سی خواتین عالمی کپ کوالیفائر 2011ء کے اہم مقابلے میں نیدرلینڈز کو 193 رنز کے زبردست مارجن سے شکست دے کر خواتین عالمی کپ 2013ء میں جگہ بنا لی۔ جبکہ سرفہرست چار میں شامل ہونے کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ نے ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

بسمہ کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (تصویر: ICC)
بسمہ کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (تصویر: ICC)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے کپتان ثناء میر، بسمہ معروف، ندا ڈار اور جویریہ ودود کی شاندار بلے بازی کی بدولت حریف کو 278 رنز کا ہمالیہ جیسا ہدف دیا جس کے جواب میں نیدرلینڈز بے بس تھا۔ جویریہ کے 67 اور ندا کے 57 رنز کو بسمہ کی 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کا ساتھ حاصل رہا جنہوں نے اپنی اننگز میں ولندیزی تیز اور اسپن گیند بازوں کے خلاف خوبصورت اسٹروکس کھیلے۔ کپتان ثناء میر نے 49 رنز بنائے۔

جواب میں نیدرلینڈز ایک مرتبہ پھر اسپن جال میں پھنس گیا۔ بسمہ اور ندا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں اور سعدیہ یوسف کو دو وکٹیں ملیں۔ تیز گیند باز قانطہ جلیل نے ولندیزی اوپنرز کو ٹھکانے لگایا اور یوں ولندیزی اننگز 84 پر اختتام پذیر ہوئی۔

ایک مرتبہ پھر عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر پاکستان کی قائد ثناء میر بہت خوش تھیں جن کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ مقابلے کچھ سخت تھے اور ہم ایسے گروپ میں تھے جہاں بنگلہ دیش، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیم شامل تھیں۔ ٹیم کی آج کی کارکردگی بہت شاندار رہی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد پاکستان میں خواتین کرکٹ مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ خواتین عالمی کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے کوالیفائی ہونے کا مطلب ہے کہ ٹیم دو سال بین الاقوامی سطح کی کرکٹ کھیلنے کی اہل ہوگی جو ملک میں خواتین کرکٹ کے لیے بہترین ہوگا۔

بسمہ معروف کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم اب جنوبی افریقہ جیسے مضبوط حریف کا مقابلہ کرے گی جو پہلے ہی عالمی کپ 2013ء کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔

آج کھیلے گئے مقابلوں میں پاکستان کے علاوہ سری لنکا نے بھی کامیابی حاصل کی۔ شیر بنگلہ اسٹیڈیم، ڈھاکہ میں تماشائیوں کی بڑی تعداد کے سامنے سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور عالمی کپ 2013ء میں جگہ بنا لی۔