جنوبی افریقہ کو اپ سیٹ شکست، پاکستان ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز کے فائنل میں

0 1,101

ایک جانب پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کامیابیوں کی منازل طے کر رہی ہے وہیں خواتین بھی کسی سے پیچھے نہیں جنہوں نے ویمنز ورلڈ کپ 2013ء کوالیفائرز کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو اپ سیٹ شکست دے کر اہم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ اس تاریخی فتح میں اہم کردار اسماویہ اقبال کی آل راؤنڈ کارکردگی اور جویریہ خان کی ذمہ داری بلے بازی کا رہا۔ جبکہ شکست کے جبڑوں سے فتح کو چھیننے کا کردار ساتویں وکٹ پر مرینہ اقبال اور اسماویہ کی 41 رنز کی ناقابل شکست اور فتح گر شراکت داری نے ادا کیا، جس کی بدولت پاکستان کو تین وکٹوں کی کامیابی حاصل ملی۔ اب فائنل میں قومی ٹیم کا مقابلہ ویسٹ انڈیز کے مضبوط دستے سے ہوگا جو 26 نومبر کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کے حتمی مقابلے تک پہنچا ہے۔

اسماویہ اقبال نے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں (تصویر: ICC)
اسماویہ اقبال نے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں (تصویر: ICC)

اسی میدان پر آج (جمعرات کو) ہونے والے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز ہی بنا سکا۔ کپتان دو پریز نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے جبکہ وان نیکرک نے 31 اور کاپ نے 29 رنز جوڑے۔

پاکستان کی جانب سے اسماویہ اقبال نے 5 اوورز میں محض 15 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں کپتان ثناء میر کو ملیں اور ایک وکٹ ندا ڈار نے حاصل کی۔ پاکستانی فیلڈرز نے جنوبی افریقی مڈل آرڈر کی تین بلے بازوں کو رن آؤٹ کر کے عمدہ فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔

181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بھیانک تھا جسے پہلے اوور کی آخری گیند پر کپتان ثنا میر اور اگلے اوور میں ندا ڈار کی وکٹ کھونا پڑی۔ رہی سہی کسر 22 کے مجموعی اسکور پر اوپنر قانطہ جلیل کی وکٹ کھونے نے پوری کر دی۔ پاکستان مکمل طور پر میچ سے باہر دکھائی دیتا تھا لیکن پانچویں وکٹ پر نین عابدی اور جویریہ خان کے درمیان 58 رنز کی شراکت نے فتح کی بنیاد رکھی جسے بعد ازاں مرینہ اقبال اور ملتان سے تعلق رکھنے والی اسماویہ اقبال کی 41 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری سے اتمام تک پہنچایا۔ مرینہ اقبال کی 28 رنزکی اننگز میں 2 چوکے جبکہ اسماویہ کے 22 رنز میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے۔

اسماویہ اقبال کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان گزشتہ مقابلے میں نیدرلینڈز کو شکست دے کر پہلے ہی عالمی کپ 2013ء کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ یہ مسلسل دوسرا موقع ہے کہ قومی خواتین ٹیم نے عالمی کپ میں جگہ پائی ہے۔چند سالوں سے قومی خواتین ٹیم کی کارکردگی بہت شاندار ہے جو 2010ء کے ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ بھی حاصل کر چکی ہے اور اگر وہ عالمی کپ کوالیفائرز کا فائنل بھی جیتنے میں کامیاب ہو گئی تو یہ پاکستان میں خواتین کرکٹ کی ترویج کی سمت میں ایک بہت بڑا قدم ہوگا۔ فائنل جیتنے کی صورت میں پاکستان خواتین کی عالمی درجہ بندی میں پانچواں مقام بھی حاصل کر سکتا ہے۔ قومی خواتین ٹیم اس وقت درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر ہے اور فائنل میں شکست کی صورت میں بھی اسے چھٹی پوزیشن ملے گی۔

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ: ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز، پہلا سیمی فائنل

بتاریخ: 24 نومبر 2011ء

بمقام: شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ

نتیجہ: پاکستان 3 وکٹوں سے کامیاب

میچ کی بہترین کھلاڑی: اسماویہ اقبال (پاکستان)

جنوبی افریقہ رنز گیندیں چوکے چھکے
فرٹز ک و ب اسماویہ اقبال 6 14 1 0
چیٹی ایل بی ڈبلیو ب ثناء میر 20 30 3 0
وان نیکرک ک مرینہ اقبال ب ندا ڈار 31 63 4 1
برٹس رن آؤٹ 14 50 2 0
دو پریز رن آؤٹ 41 61 5 0
کاپ رن آؤٹ 29 53 3 0
وان دیر ویستھوئزن ایل بی ڈبلیو ب ثناء میر 4 6 0 0
تھامسن ب اسماویہ اقبال 10 14 1 0
لوبسر ک ندا ڈار ب اسماویہ اقبال 2 7 0 0
دیونرائن ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
دیونرائن ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
فاضل رنز ب 10، ل ب 2، و 8 20  0
مجموعہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 180

 

پاکستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
قانطہ جلیل 4 2 17 0
معصومہ جنید 1 0 10 0
اسماویہ اقبال 5 2 15 3
سعدیہ یوسف 10 3 30 0
ثناء میر 10 1 40 2
بسمہ معروف 10 0 34 0
ندا ڈار 10 3 22 1

 

پاکستان ہدف: 181 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
ثناء میر ک فرٹز ب اسماعیل 0 6 0  0
قانطہ جلیل ک تھامسن ب اسماعیل 10 17 2 0
ندا ڈار ک وان دیر ویستھوئزن ب وان نیکرک 0 1 0 0
بسمہ معروف اسٹمپ چیٹی ب لوبسر 23 48 3 0
نین عابدی اسٹمپ چیٹی ب لوبسر 29 63 2 1
جویریہ خان ک اسماعیل ب وان نیکرک 47 75 5 0
رابعہ شاہ ک دو پریز ب دیونرائن 3 13 0 0
مرینہ اقبال ناٹ آؤٹ 28 43 2 0
اسماویہ اقبال ناٹ آؤٹ 22 22 2
فاضل رنز ب 2، ل ب 1، و 15، ن ب 1 19
مجموعہ 47.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181

 

جنوبی افریقہ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
اسماعیل 9 0 34 2
وان نیکرک 10 1 40 2
لوبسر 10 2 22 2
کاپ 10 2 29 0
دیونرائن 7.5 0 44 1
تھامسن 1 0 0 0