زخمی جنید خان کی جگہ محمد خلیل طلب، صدف حسین کو نظر انداز کر دیا گیا

0 1,029

پاکستان نے تیز گیند باز جنید خان کی جگہ دورۂ بنگلہ دیش کے لیے محمد خلیل کو طلب کر لیا ہے۔ وہ ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی تینوں طرز میں جنید کی جگہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

دو ٹیسٹ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد خلیل نے اپنے 2004ء کے دورۂ آسٹریلیا میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا تاہم انہیں 2005ء میں بھارت کے خلاف کولکتہ ٹیسٹ کے بعد سے دوبارہ قومی ٹیم میں جگہ نہیں مل پائی۔ 29 سالہ خلیل کو قائد اعظم ٹرافی ڈویژن ون میں عمدہ کارکردگی کے باعث ایک مرتبہ پھر ملک کی نمائندگی کا موقع دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے 7 مقابلوں میں 43 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں حالیہ سیزن میں 43 وکٹیں حاصل کرنے والے صدف حسین کو نظر انداز کر دیا گیا ہے، جن کے بارے میں زیادہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ قومی دستے میں جگہ پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

محمد خلیل 2004ء اور 2005ء میں پاکستان کی جانب سے دو ٹیسٹ کھیل چکے ہیں تاہم کوئی وکٹ حاصل نہ کر پائے (تصویر: Getty Images)
محمد خلیل 2004ء اور 2005ء میں پاکستان کی جانب سے دو ٹیسٹ کھیل چکے ہیں تاہم کوئی وکٹ حاصل نہ کر پائے (تصویر: Getty Images)

محمد خلیل نے آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ مقابلوں میں انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور کوئی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے تاہم دورۂ آسٹریلیا کی ایک روزہ سیریز میں انہیں پانچ مقابلے کھیلنے کا موقع دیا گیا تھا جس میں انہوں نے 28.80 کے اوسط سے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم حالیہ فرسٹ کلاس سیزن میں انہوں نے بہت ہی شاندار گیند بازی کی ہے جس میں خصوصا گزشتہ ماہ سیالکوٹ کے خلاف زرعی ترقیاتی بینک کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کا حوالہ دینا ضروری ہے جس میں انہوں نے پہلی اننگز میں چار اور دوسری اننگز میں 9 حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔ جس کی بدولت زرعی ترقیاتی بینک نے سیالکوٹ کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 258 رنز کی بدترین شکست دی۔ شاید یہی کارکردگی ہے جس نے سلیکٹرز کے سامنے ان کی اہلیت ثابت کی ہو۔ آخری مرتبہ ٹیم میں منتخب کیے جانے کے وقت خلیل کا تجربہ محض 9 فرسٹ کلاس مقابلوں کا تھا لیکن اب وہ 95 مقابلوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، جن میں367 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

پاکستان کے عبوری چیف سلیکٹر محمد الیاس نے محمد خلیل اور صدف حسین کے درمیان انتخاب کو ایک مشکل مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدف کو مستقبل قریب میں ضرور موقع ملے گا۔ معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خلیل کا نام ٹیم انتظامیہ اور قومی سلیکشن کمیٹی کے اتفاق رائے سے منتخب ہوا ہے۔

جنید خان پیٹ کے پٹھوں میں تکلیف کے باعث چھ ہفتوں کے لیے کرکٹ کھیلنے سے محروم ہو چکے ہیں۔ انہیں اس تکلیف کا سامنا سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ابوظہبی میں ہونے والے حالیہ پانچویں ایک روزہ مقابلے میں ہوا۔ جنید نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 12 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کا پیس اٹیک اب عمر گل، اعزاز چیمہ، محمد طلحہ اور محمد خلیل پر مشتمل ہوگا۔تینوں طرز کی کرکٹ کے لیے اعلان کردہ پاکستانی دستے کی تفصیلات یہاں ملاحظہ کیجیے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے جائیں گے جس کے لیے قومی کرکٹ ٹیم آج (سنیچر کو) متحدہ عرب امارات سے براہ راست ڈھاکہ، بنگلہ دیش روانہ ہو رہی ہے۔