ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے: ٹیموں کی عالمی درجہ بندی

0 1,023

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کھیلنے والی ٹیموں کی درجہ بندی جاری کردی گئی ہے۔ آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلستان، پاکستان کے ہاتھوں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے ہاتھوں ویسٹ انڈیز کی شکست نے گو کہ درجہ بندی میں زیادہ فرق ظاہر نہیں کیا تاہم ریٹنگ پوائنٹس کے اعتبار سے ٹیموں کے درمیان کم اور زیادہ ہونے والا فرق مستقبل میں عالمی درجہ بندی میں بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتا ہے۔

تازہ درجہ بندی میں آسٹریلیا 131 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر قابض ہے۔ حال ہی میں آسٹریلیا نے 6-1 سے انگلستان کو مات دے کر دوسرے اور تیسرے نمبر پر 119 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ موجود بھارت اور جنوبی افریقہ سے اپنے فاصلہ کو مزید بڑھالیا ہے۔چوتھے نمبر پر سری لنکا کی ٹیم موجود ہے جس نے رواں ماہ کے اوائل میں ویسٹ انڈیز کو 2-0 سے ہرا کر 118 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں۔ آسٹریلیا سے سخت ہزیمت اٹھانے والا انگلستان 1 ریٹنگ پوائنٹ کھو کر 109 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔ حال ہی میں دورہ نیوزی لینڈ میں ہونے والی ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز کا فاتح پاکستان 100 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے جبکہ مفتوح نیوزی لینڈ 91 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کی مہربانی سے ترقی کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن حاصل کر لی ہے اور خود ویسٹ انڈیز 1 ریٹنگ پوائٹ کھو کر نویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے 66، 66 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کے عالمی کپ سے چند ہفتے قبل سامنے آنے والی ریٹنگ پوائنٹس سے ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ عالمی کپ کے لیے فیورٹ قرار دی جانے والی ٹیمیں نہ صرف میدان میں مد مقابل ہیں بلکہ درجہ بندی میں بھی ایک دوسرے سے سبقت حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے درجہ بندی پر طویل عرصے سے راج کرنے والی آسٹریلیا کی ٹیم عالمی کپ کے دفاع میں کامیاب رہتی ہے یا پھر کوئی دوسری ٹیم عالمی کپ 2011ء میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلوی راج کا خاتمہ کر کے اپنی پوزیشن مستحکم بناتی ہے۔