راہول ڈریوڈ راجستھان رائلز کے نئے کپتان مقرر

1 1,008

مایہ ناز بلے باز راہول ڈریوڈ کو بھارتی پریمیئر لیگ کی ٹیم راجستھان رائلز کا نیا قائد مقرر کر دیا گیا ہے۔ ڈریوڈ آسٹریلیا کے عظیم اسپنر شین وارن کی جگہ لیں گے جنہوں نے مسلسل چار سال تک راجستھان کی قیادت کی اور پہلے سیزن میں اسے آئی پی ایل چیمپئن بھی بنایا۔ راہول نے آئی پی ایل کے ابتدائی تین سال رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کی اور 2011ء میں انہیں راجستھان نے 5 لاکھ ڈالرز کی قیمت پر خرید لیا۔

راہول ڈریوڈ ماضی میں بھارت کی قومی ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں (فائل فوٹو)
راہول ڈریوڈ ماضی میں بھارت کی قومی ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں (فائل فوٹو)

ماضی میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کا ناکام تجربہ کرنے والے راہول ڈریوڈ اس اعزاز کو ملنے پر کافی خوش دکھائی دیتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اب ان کی نظریں ٹیم کے سینئر ساتھیوں کو ساتھ لے کر چلنے پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں راجستھان کے باصلاحیت دستے میں ویسی ہی روح پھونکنا چاہتا ہوں، جیسی آئی پی ایل کے اولین سیزن میں ٹیم میں موجود تھی جس کی بدولت انہوں نے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

شین وارن نے آئی پی ایل 2011ء کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ گو کہ ٹیم میں چند ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو بین الاقوامی سطح تک بھی قیادت کا تجربہ رکھتے ہیں لیکن فرنچائز کی نظر انتخاب بھارت کے راہول ڈریوڈ پر پڑی ہے جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ رواں سال ان کو خریدنے کا ایک اہم مقصد شین وارن کا جانشیں لانا تھا۔ اس وقت راجستھان میں نیوزی لینڈ کے کپتان روز ٹیلر، جنوبی افریقہ کے ٹی ٹوئنٹی کپتان یوہان بوتھا اور انگلستان کے سابق کپتان پال کولنگ ووڈ شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا کے نائب کپتان شین واٹسن بھی قیادت کے امیدوار تھے لیکن بہرحال بھارتی فرنچائز کی پہلی ترجیح مقامی کھلاڑی کا انتخاب ہی ہوتی ہے۔

38 سالہ راہول ڈریوڈ نے دو سال قومی کرکٹ ٹیم کے محدود اوورز کے دستے سے باہر رہنے کے بعد رواں سال دورۂ انگلستان کے بعد مختصر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا تاہم آئی پی ایل میں وہ مستقل کھیل رہے ہیں۔