ڈینیل کرسچن دوسرے ٹیسٹ کے لیے آسٹریلوی دستے میں طلب

0 1,036

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرےو آخری ٹیسٹ کے لیے ڈینیل کرسچن کوطلب کر لیا ہے۔ دوسرے معرکے کے لیے فاتح دستے میں واحد تبدیلی بین کٹنگ کے زخمی ہونے کے باعث کی گئی ہے۔

ڈینیل کرسچن کو اب تک کسی ٹیسٹ یا ایک روزہ مقابلے میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا موقع نہيں ملا (تصویر: Getty Images)
ڈینیل کرسچن کو اب تک کسی ٹیسٹ یا ایک روزہ مقابلے میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا موقع نہيں ملا (تصویر: Getty Images)

28 سالہ کرسچن اچھی آل راؤنڈ صلاحیتیں رکھتے ہیں اور گیند بازی کے ساتھ ساتھ بہت عمدہ بلے بازی بھی کر سکتے ہیں۔ ہوبارٹ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کرسچن کی حتمی الیون میں شمولیت کے امکانات بہت زیادہ روشن دکھائی دیتے ہیں کیونکہ آسٹریلیا کو وہاں پانچویں باؤلنگ آپشن کی ضرورت پڑ سکتی ہے تاہم اس کے لیے آسٹریلیا کو موجودہ دستے کے کسی ایک رکن کی قربانی دینا پڑے گی۔ جو ممکنہ طور پر عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر اور فل ہیوز میں سے کوئی ایک ہوگا۔

قومی سلیکٹر جان انویریئرٹی کا کہنا ہے کہ زخمی بین کٹنگ کی جگہ ڈینیل کرسچن کی شمولیت دستے کو متوازن بنائے گی۔

آسٹریلیا نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں مچل جانسن، شین واٹسن، پیٹ کمنز، شان مارش اور ریان ہیرس جیسے کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ہنگامی اقدامات کر کے خصوصا گیند بازی کے شعبے کو پہنچنے والے نقصان کو پورا کرنا چاہ رہا ہے تاکہ نہ صرف اس کے اہم کھلاڑی بھارت کے خلاف اہم سیریز سے قبل فٹ ہو سکیں بلکہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف مورال کو بلند کرنے والی فتح حاصل کر کے ایک بڑے حریف کا سامنا کر پائیں۔

سیریز میں آسٹریلیا کو 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے جو اس نے گابا، برسبین میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں شاندار کامیابی سمیٹ کر حاصل کی ہے۔ دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ہوبارٹ، تسمانیہ میں شروع ہوگا۔

دوسرے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

مائیکل کلارک (کپتان)، بریڈ ہیڈن، پیٹر سڈل، جیمز پیٹن سن، ڈینیل کرسچن، ڈیوڈ وارنر، رکی پونٹنگ، عثمان خواجہ، فلپ ہیوز، مائیکل ہسی، مچل اسٹارک اور ناتھن لیون۔