سری لنکا زوال کی اتھاہ گہرائیوں میں، 43 رنز پر آؤٹ، 258 رنز کی شکست

4 1,038

2011ء کی ابتدائی ششماہی میں جس ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو حتیٰ کہ دنیائے کرکٹ کے اہم ترین ایونٹ عالمی کپ کے فائنل تک رسائی بھی حاصل کر لی ہو، کم از کم اس سے ایسی کارکردگی کی توقع نہیں تھی۔ عالمی کپ کے بعد سری لنکن ٹیم بتدریج زوال کی منازل طے کرتی ہوئی اب اتھاہ گہرائیوں میں پہنچ چکی ہے کیونکہ 302 رنز کے تعاقب میں وہ محض 43 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور کرکٹ کی تاریخ کی بدترین شکستوں میں سے ایک اپنے نام کی۔ یوں جنوبی افریقہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابراہم ڈی ولیئرز کو اپنے قائدانہ دور کے آغاز بہترین تحفہ پیش کیا۔

پارل میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میں جنوبی افریقہ نے ہاشم آملہ کی سنچری کی بدولت 301 رنز بنائےاور جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم کو محض 43 رنز پر چلتا کر دیا اور تاریخ کی بہترین فتوحات میں سے ایک اپنے نام کر لی۔

اگر کوسالا کولاسیکرا 19 رنز نہ بناتے تو سری لنکا تاریخ کے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہو جاتا۔ لیکن پھر بھی 258 رنز کے بھاری مارجن سے ہونے والی شکست کا گھاؤ کس قدر گہرا ہے اس کا اندازہ سری لنکن ٹیم کو خوبی سے ہو گیا ہوگا۔

اگر کوسالا کولاسیکرا 19 رنز نہ بناتے تو سری لنکا تاریخ کے کم ترین اسکور پر ڈھیر ہو جاتا۔ اسکور کارڈ اس تباہی کو ظاہر کر رہا ہے یعنی 7 اوورز میں 13 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ (تصویر: Getty Images)
اگر کوسالا کولاسیکرا 19 رنز نہ بناتے تو سری لنکا تاریخ کے کم ترین اسکور پر ڈھیر ہو جاتا۔ اسکور کارڈ اس تباہی کو ظاہر کر رہا ہے یعنی 7 اوورز میں 13 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ (تصویر: Getty Images)

سری لنکا کے دونوں اوپنر اوپل تھارنگا اور کپتان تلکارتنے دلشان صفر کی ہزیمت سے دوچار ہو گئے۔ حتیٰ کہ جانے مانے بلے باز بھی مورنے مورکل اور لونوابو سوٹسوبے کے لگائے گئے ابتدائی دھچکے نہ سہہ پائے اور محض 13 رنز پر پر سری لنکا کے ابتدائی 6 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ ایسا لگتا تھا کہ زمبابوے کا قائم کردہ کم ترین اسکور یعنی 35 رنز کا عالمی ریکارڈ ٹوٹ جائے گا لیکن آخری لمحات میں کولاسیکرا کی 19 رنز کی اننگز سے کم از کم اس ذلت سے تو سری لنکا کو بچا لیا لیکن محض 43 رنز پر اننگز کا تمام ہو جانا نہ صرف سری لنکا کے کرکٹ حلقوں اور شائقین کے لیے بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ کے چاہنے والوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ جس نے ظاہر کیا ہے کہ 'خطرے کی گھنٹی' پر اچھی طرح کان نہیں دھرا گیا جس کی وجہ سے اب وہ ٹیم اس حال تک پہنچ چکی ہے کہ ماضی قریب میں دوسری ٹیموں کو بھاری ترین مارجنز سے شکست دینے والا سری لنکا اب خود اس ذلت کا نشانہ بن رہا ہے۔

یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی تیسری بدترین شکست تھی اور بدقسمتی سے ان معدودے چند مواقع میں سے ایک جب کسی ٹاپ ٹیم کو اتنی بڑی ہار سہنا پڑی ہو۔ سری لنکا کی پوری اننگز میں کولاسیکرا 19 رنز کے ساتھ واحد کھلاڑی رہے جن کی اننگز دہرے ہندسے میں پہنچ پائی۔ تھارنگا، دلشان، اینجلو میتھیوز اور دلہارا فرنانڈو صفر کی ہزیمت سے دوچار ہوئے جبکہ کمار سنگاکارا اور دنیش چندیمال 4،4، مہیلا جے وردھنے 2، نووان کولاسیکرا 6، لاستھ مالنگا 1 اور اجنتھا مینڈس 3 رنز بنا پائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مورنے مورکل نے سب سے زیادہ یعنی 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 6 اوورز میں محض 10 رنز دے کر تھارنگا، سنگاکارا، میتھیوز اور کوسالا کولاسیکرا کی وکٹیں سمیٹیں۔ تین وکٹیں سوٹسوبے کے ہاتھ لگیں جبکہ دو وکٹیں رابن پیٹرسن اور ایک وکٹ ڈیل اسٹین نے حاصل کی۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ایک روزہ کرکٹ کے نمبر ون بلے باز ہاشم آملہ کی زبردست سنچری کی بدولت 301 رنز بنائے۔ 128 گیندوں پر 8 چوکوں سے مزین اننگز میں ہاشم نے 112 رنز بنائے جبکہ ژاک کیلس نے 72 اور کپتان ابراہم ڈی ولیئرز نے 52 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ہاشم-کیلس شراکت میں دوسری وکٹ پر جنوبی افریقہ نے 144 رنز بنائے جبکہ بعد ازاں ہاشم نے ڈی ولیئرز کے ساتھ مل کر مزید 91 رنز جوڑے۔ اہم بلے بازوں کے آؤٹ ہو جانے کے بعد جنوبی افریقہ آخری اوورز میں زیادہ رنز نہ بنایا پایا لیکن ابتدائی بلے بازوں کے کارنامے ہی اسے 300 کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں مدد کے لیے کافی تھے۔

طویل عرصے بعد ایکشن میں نظر آنے والے سری لنکن گیند باز لاستھ مالنگا نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک وکٹ نووان کولاسیکرا اور اجنتھا مینڈس کو حاصل ہوئی۔

مورنے مورکل کو تباہ کن گیند بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا اگلا معرکہ 14 جنوری کو ایسٹ لندن میں ہوگا اور پارل کی اس شکست کا داغ دھونے کے لیے سری لنکا کو وہاں معجزانہ کارکردگی دکھانا ہوگی۔

جنوبی افریقہ بمقابلہ سری لنکا:

پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

11 جنوری 2012ء

بمقام: بولینڈ پارک، پارل، جنوبی افریقہ

نتیجہ: جنوبی افریقہ 258 رنز سے فتحیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: مورنے مورکل (جنوبی افریقہ)

جنوبی افریقہ رنز گیندیں چوکے چھکے
ہاشم آملہ ک سنگاکارا ب مالنگا 112 128 8 0
گریم اسمتھ ک سنگاکارا ب مالنگا 6 8 0 0
ژاک کیلس رن آؤٹ 72 80 6 1
ابراہم ڈی ولیئرز ب نووان کولاسیکرا 52 40 7 0
البے مورکل ک میتھیوز ب مالنگا 25 17 1 2
ژاں پال دومنی ک و ب مینڈس 1 2 0 0
فرانکو دو پلیسے ب مالنگا 10 13 0 0
رابن پیٹرسن ناٹ آؤٹ 4 9 0 0
ڈیل اسٹین ب مالنگا 1 2 0 0
مورنے مورکل ناٹ آؤٹ 1 1 0 0
فاضل رنز ل ب 2، و 15 17
مجموعہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 301

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
لاستھ مالنگا 10 0 54 5
نووان کولاسیکرا 10 0 50 1
دلہارا فرنانڈو 9 0 65 0
اینجلو میتھیوز 5 0 23 0
کوسالا کولاسیکرا 6 0 36 0
تلکارتنے دلشان 2 0 17 0
اجنتھا مینڈس 8 0 54 1

 

سری لنکاہدف: 302 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
اوپل تھارنگا ک دومنی ب مورنے مورکل 0 2 0 0
تلکارتنے دلشان ک ڈی ولیئرز ب سوٹسوبے 0 2 0 0
کمار سنگاکارا ک ڈی ولیئرز ب مورنے مورکل 4 14 1 0
دنیش چندیمال ب سوٹسوبے 4 7 1 0
مہیلا جے وردھنے ک دو پلیسے ب سوٹسوبے 2 16 0 0
اینجلو میتھیوز ک پیٹرسن ب مورنے مورکل 0 2 0 0
کوسالا کولاسیکرا ک پیٹرسن ب مورنے مورکل 19 46 0 0
نووان کولاسیکرا ک دو پلیسے ب اسٹین 6 11 1 0
لاستھ مالنگا ب پیٹرسن 1 9 0 0
اجنتھا مینڈس ناٹ آؤٹ 3 13 0 0
دلہارا فرنانڈو ایل بی ڈبلیو ب پیٹرسن 0 1 0 0
فاضل رنز و 2، ن ب 2 4
مجموعہ 20.1 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 43

 

جنوبی افریقہ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
مورنے مورکل 6 2 10 4
لونوابو سوٹسوبے 6 1 19 3
ڈیل اسٹین 3 0 7 1
البے مورکل 2 0 2 0
رابن پیٹرسن 3.1 0 5 2