[ریکارڈز] ٹیسٹ کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچریاں

گزشتہ روز ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچریوں میں سے ایک بنانے والے ڈیوڈ وارنر کے پاس سنہرا موقع تھا کہ وہ تیز ترین ڈبل سنچری بنانے والے بلے بازوں میں اپنا نام لکھوائیں لیکن وائے ری قسمت! کہ اس مقام پر جا کر آؤٹ ہو گئے جہاں منزل چند قدم کے فاصلے پر تھی۔

واکا، پرتھ میں جاری آسٹریلیا-بھارت تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھانے کے وقفے کے بعد ڈیوڈ وارنر 180 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ ایشانت شرما کی گیند کو لانگ آن پر ایک مرتبہ پھر میدان سے باہر پھینکنے کی کوشش میں وہ لانگ آن پر اُمیش یادیو کے ہاتھوں جکڑ لیے گئے۔ انہوں نے یہ اننگز محض 159 گیندوں پر 5 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے کھیلی۔ اس یادگار اننگز کے بعد جب وہ میدان سے لوٹے تو واکا پرتھ میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے کھڑے ہو کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری کا اعزاز نیوزی لینڈ کے ناتھن آسٹل کو حاصل ہے جنہوں نے مارچ 2002ء میں انگلستان کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں محض 153 گیندوں پر ڈبل سنچری داغ کر ریکارڈ کے حامل بنے۔ آسٹل کی اننگز کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے تہرے ہندسے میں داخل ہونے کے فورا بعد انگلش گیند بازوں کی وہ دھنائی کی کہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد آ گیا ہوگا۔ جی ہاں! 101 سے 200 تک پہنچنے کے لیے آسٹل نے صرف 39 گیندوں کا سامنا کیا۔ لیکن بدقسمتی سے اس زبردست کارکردگی کے باوجود نیوزی لینڈ میچ نہ جیت پایا اور فتح 98 رنز سے انگلستان کے نام رہی۔
کرکٹ کی تاریخ کے برق رفتار ترین بلے بازوں میں سے ایک وریندر سہواگ نے کئی مواقع پر تیز رفتار ڈبل سنچریاں بنائی ہیں، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 10 تیز ترین ڈبل سنچریوں کی فہرست میں ان کا نام 5 مرتبہ شامل ہے۔ انہوں نے دو، دو ڈبل سنچریاں سری لنکا اور پاکستان کے خلاف بنائیں جبکہ ایک جنوبی افریقہ کے خلاف اسکور کی۔ سہواگ نے اپنی تیز ترین ڈبل سنچری سری لنکا کے خلاف بنائی تھی جس کے لیے انہوں نے صرف 168 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین ڈبل سنچری ہے۔
اس وقت تک سوائے ناتھن آسٹل اور وریندر سہواگ کے کسی بلے باز کو یہ اعزاز حاصل نہیں کہ اس نے 200 سے کم گیندیں کھیلتے ہوئے ڈبل سنچری بنائی ہو۔
کرک نامہ اپنے قارئین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچریوں کی فہرست پیش کر رہا ہے، امید ہے پسند آئے گی:
سب سے کم گیندوں پر ٹیسٹ ڈبل سنچریاں بنانے والے بلے باز
نام | ملک | گیندیں | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|
ناتھن آسٹل | ![]() |
153 | انگلستان | کرائسٹ چرچ | مارچ 2002ء |
وریندر سہواگ | ![]() |
168 | سری لنکا | ممبئی | دسمبر 2009ء |
وریندر سہواگ | ![]() |
182 | پاکستان | لاہور | جنوری 2006ء |
وریندر سہواگ | ![]() |
194 | جنوبی افریقہ | چنئی | مارچ 2008ء |
ہرشل گبز | ![]() |
211 | پاکستان | کیپ ٹاؤن | جنوری 2003ء |
ایڈم گلکرسٹ | ![]() |
212 | جنوبی افریقہ | جوہانسبرگ | فروری 2002ء |
این بوتھم | ![]() |
220 | بھارت | اوول، لندن | جولائی 1982ء |
وریندر سہواگ | ![]() |
222 | پاکستان | ملتان | مارچ 2004ء |
وریندر سہواگ | ![]() |
227 | سری لنکا | گال | جولائی 2008ء |
ارونڈا ڈی سلوا | ![]() |
229 | بنگلہ دیش | کولمبو | جولائی 2002ء |