[ریکارڈز] رکی پونٹنگ کے 13 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل

0 1,009

آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ ٹیسٹ کرکٹ کیریئر کے 13 ہزار رنز مکمل کر لیے۔ یوں وہ تاریخ کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے 13 ہزار کا سنگ میل عبور کیا ہو۔

رکی پونٹنگ 13 ہزار رنز بنانے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز ہیں (تصویر: Getty Images)
رکی پونٹنگ 13 ہزار رنز بنانے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز ہیں (تصویر: Getty Images)

ایڈیلیڈ میں بھارت کے خلاف جاری چوتھے ٹیسٹ کے پہلے روز انہوں نے ناقابل شکست سنچری اننگز کے دوران یہ کارنامہ انجام دیا۔ چائے کے وقفے سے قبل انہوں نے بھارتی اسپنر روی چندر آشون کی ایک گیند پر ایک رن لیا اور 13 ہزار کیریئر رنز کو جا لیا۔

37 سالہ رکی پونٹنگ نے 1995ء میں واکا، پرتھ میں سری لنکا کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ایڈیلیڈ میں اپنی 275 ویں اننگز کے دوران 41 ویں سنچری بنائی اور پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر 137 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ موجودہ کپتان مائیکل کلارک اور رکی کے درمیان 251 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ جاری ہے جس میں مائیکل کلارک کا حصہ 140 رنز کا ہے۔ یوں سیریز میں 3-0 کی برتری کا حامل آسٹریلیا پہلے روز ہی انتہائی مضبوط پوزیشن میں آ گیا ہے۔

یہ کار نمایاں انجام دینے سے قبل ہی وہ تاریخ میں آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے، ان سے قبل کوئی آسٹریلوی بلے باز 12 ہزار رنز کے ہندسے کو بھی نہیں پہنچ پایا۔ رکی پونٹنگ کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے آسٹریلوی کھلاڑی ایلن بارڈر ہیں جنہوں نے 156 ٹیسٹ مقابلوں میں 11 ہزار 174 رنز بنائے تھے جبکہ ایک اور سابق کپتان اسٹیو واہ نے کیریئر میں 10 ہزار 927 رنز بنائےتھے۔

رکی پونٹنگ سے قبل 13 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز صرف دو بلے بازوں کو ملا ہے جن میں ایک بھارت کے سچن ٹنڈولکر ہیں، جن کے موجودہ رنز 15 ہزار 432 ہیں جبکہ دوسرے نمبرپر ان کے ہم وطن راہول ڈریوڈ ہیں جن کے ٹیسٹ کیریئر رنز کی تعداد 13 ہزار 262 ہے ۔

کرک نامہ اپنے قارئین کی دلچسپی کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست پیش کر رہا ہے، امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث بنے گی۔

ٹیسٹ کیریئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز

نام ملک دورانیہ مقابلے اننگز رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
سچن ٹنڈولکر بھارت 1989ء تا حال 188* 309 15432 248* 55.71 51 65
راہول ڈریوڈ بھارت 1996ء تا حال 164* 284 13262 270 52.62 36 63
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 1995ء تا حال 162* 275 13056 257 53.07 41 60
ژاک کیلس جنوبی افریقہ 1995ء تا حال 150 254 12260 224 57.02 41 55
برائن لارا ویسٹ انڈیز 1990ء تا 2006ء 131 232 11953 400* 52.88 34 48
ایلن بارڈر آسٹریلیا 1978ء تا 1994ء 156 265 11174 205 50.56 27 63
اسٹیو واہ آسٹریلیا 1985ء تا 2004ء 168 260 10927 200 51.06 32 50
سنیل گواسکر بھارت 1971ء تا 1987ء 125 214 10122 236* 51.12 34 45
مہیلا جے وردھنے سری لنکا 1997ء تا حال 128 213 10086 374 50.43 29 40
شیونرائن چندرپال ویسٹ انڈیز 1994ء تا حال 137 234 9709 203* 49.28 24 56
کمار سنگاکارا سری لنکا 2000ء تا حال 106 179 9347 287 55.97 28 38
گراہم گوچ انگلستان 1975ء تا 1995ء 118 215 8900 333 42.58 20 46
جاوید میانداد پاکستان 1976ء تا 1993ء 124 189 8832 280* 52.57 23 43
انضمام الحق پاکستان 1992ء تا 2007ء 120 200 8830 329 49.60 25 46
وی وی ایس لکشمن بھارت 1996ء تا حال 134* 223 8728 281 46.17 17 56
میتھیو ہیڈن آسٹریلیا 1994ء تا 2009ء 103 184 8625 380 50.73 30 29
ویون رچرڈز ویسٹ انڈیز 1974ء تا 1991ء 121 182 8540 291 50.23 24 45
ایلک اسٹیورٹ انگلستان 1990ء تا 2003ء 133 235 8463 190 39.54 15 45
ڈیوڈ گاور انگلستان 1978ء تا 1992ء 117 204 8231 215 44.25 18 39
جیفری بائیکاٹ انگلستان 1964ء تا 1982ء 108 193 8114 246* 47.72 22 42

*آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ایڈیلیڈ میں جاری چوتھے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اسکور اس جدول میں شامل ہیں۔