[ریکارڈز] سب سے زیادہ اننگز کھیلنے والی اوپننگ جوڑیاں

0 1,015

ایلسٹر کک اور اینڈریو اسٹراس جب پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انگلستان کی پہلی اننگز کھیلنے کے لیے ابوظہبی کے خوبصورت میدان میں اترے تو یہ 100 واں موقع تھا جب دونوں کھلاڑیوں نے ایک ساتھ اپنی ٹیم کی جانب سے اوپننگ کی۔ یوں یہ کرکٹ کی تاریخ کی چوتھی اور انگلستان کی واحد جوڑی بن گئی ہے جسے 100 یا اس سے زائد اننگز میں ایک ساتھ اوپننگ کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

ایلسٹر کک اور اینڈریو اسٹراس، انگلستان کی جانب سے سب سے زیادہ مرتبہ اوپن کرنے والی جوڑی

تاہم یہ دونوں کھلاڑی اس موقع کو یادگار نہ بنا پائے اور دونوں کی شراکت داری کا خاتمہ محض 27 رنز پر ہی ہو گیا کیونکہ کپتان اینڈریو اسٹراس محمد حفیظ کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔

ویسے سب سے زیادہ مرتبہ اننگز کا آغاز کرنے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کی شہرۂ آفاق گورڈن گرینج اور ڈیسمنڈ ہینز کی جوڑی کے پاس ہے، جنہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں 148 مرتبہ اپنی ٹیم کی جانب سے بلے بازی کا آغاز کیا۔ سری لنکا کے مارون اتاپتو اور سنتھ جے سوریا کو 118 اور آسٹریلیا کے جسٹن لینگر اور میتھیو ہیڈن کو 113 مرتبہ اوپنر کی حیثیت سے ایک ساتھ اننگز شروع کرنے کا موقع ملا ہے۔

مارچ 1977ء میں جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے اینڈریو اسٹراس نے مئی 2004ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف لارڈز کے تاریخی میدان میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ 2005ء کی تاریخی ایشیز سیریز میں 2 سنچریاں جڑ کر انہیں نے عالمی شہرت سمیٹی اور 2006ء کی ایشیز سیریز میں ٹیم کے قائد قرار پائے۔ ان کا سب سے بڑا کارنامہ 2010ء میں آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر ہرا کر ایشیز جیتنا اور بعد ازاں اُس وقت کے عالمی نمبر ایک بھارت کو کلین سویپ کر کے انگلستان کو عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ٹیم بنانا ہے۔ اب انہیں پاکستان کے خلاف سیریز جیت کر ثابت کرنا ہے کہ انگلستان نہ صرف حقیقی عالمی نمبر ایک ہے بلکہ برصغیر اور اس سے ملتی جلتی کنڈیشنز میں بھی کارکردگی پیش کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب 27 سالہ ایلسٹر کک ہیں، جنہوں نے مارچ 2006ء میں دورۂ بھارت میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیااور بعد ازاں انگلش بلے بازی کی لائن اپ میں اہم حیثیت اختیار کر گئے۔ کک کے کیریئر کا عروج 2010ء کی ایشیز سیریز میں شاندار کارکردگی تھی جس کی بدولت انگلستان نے 24 سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر ایشیز جیتی۔ آپ اس وقت انگلستان کے ایک روزہ دستے کے قائد بھی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ 34 سالہ اسٹراس کے کرکٹ سے رخصت ہو جانے کے بعد وہ انگلستان کے نئے ٹیسٹ کپتان ہوں گے۔