راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو

3 1,134

راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم سری لنکا کے اہم کرکٹ میدانوں میں سے ایک ہے۔ یہ ملک کے سب سے بڑے شہر کولمبو میں واقع ہے۔

اسٹیڈیم کو پہلی بار 1986ء میں پاکستان اور سری لنکا کے ایک روزہ میچ کی میزبانی بخشی گئی تاہم بارش کے باعث میچ میں ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی۔ پریماداسا اسٹیڈیم کو اس سے قبل بھی عالمی کپ کے میچز کی میزبانی مل چکی ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں اب تک کوئی میچ باقاعدہ منعقد نہیں ہو سکا۔ 1996ء کے عالمی کپ کے موقع پر اسٹیڈیم کو سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا اور سری لنکا بمقابلہ ویسٹ انڈیز کے مقابلوں کی میزبانی ملی لیکن دونوں مہمان ٹیموں کی جانب سے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کھیلنے سے انکار کر دیا گیا اور سری لنکا کو دونوں مقابلوں میں بغیر کھیلے فتح ملی۔ یوں 26 فروری 2011ء کو یہاں ہونے والا پاکستان بمقابلہ سری لنکا میچ میدان کا پہلا عالمی کپ میچ ہوگا۔

اس میدان پر سری لنکا نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ 952 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ اکٹھا کیا تھا۔ بھارت کے خلاف 1997ء میں کھیلے گئے اس میچ میں سنتھ جے سوریا نے 340 اور روشن ماہنامہ نے 225 رنز بنائے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 576 رنز کی ریکارڈ شراکت داری قائم کی جو کسی بھی وکٹ کے لیے بھی سب سے بڑی شراکت داری ہے۔

عالمی کپ 2011ء میں پاکستان کا ہوم گراؤنڈ:

یہ میچ عالمی کپ میں پاکستان کے لیے ہوم گراؤنڈ کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ پاکستان اپنے 3 گروپ میچز یہیں کھیلے گا۔ اس میدان پر پاکستان کا ریکارڈ بھی بہت اچھا ہے خصوصا حالیہ ریکارڈ۔ پاکستان یہاں آخری مرتبہ جولائی 2004ء میں سری لنکا کے خلاف ہارا تھا اور اس کے بعد سے اب تک کھیلے گئے تمام پانچوں مقابلوں میں فتح نے پاکستان کے قدم چومے ہیں۔ 2009ء میں یہاں کھیلے گئے آخری دو میچز میں تو پاکستان نے میزبان سری لنکا کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 146 اور 132 رنز کے بڑے مارجنز سے فتوحات حاصل کیں۔ مجموعی طور پر پاکستان نے یہاں 15 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 8 میں اسے فتح نصیب ہوئی جبکہ 6 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

2011ء کے عالمی کپ کے لیے راناسنگھے پریمادا اسٹیڈیم کو تعمیر نو و تزئین و آرائش کے طویل مراحل سے گزارا گیا ہے اور اس کے بعد میدان میں نشستوں کی گنجائش 14 ہزار سے بڑھ کر 35 ہزار ہو گئی ہے۔

عالمی کپ 2011ء

پاکستان سری لنکا کے خلاف میچ کے علاوہ مزید دو میچز اس میدان میں کھیلے گا جن میں وہ کینیڈا اور آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگا۔ پاکستان کے تین میچز سمیت عالمی کپ 2011ء کےکل 7 میچز یہاں کھیلے جائیں گے جن میں ایک کوارٹر فائنل اور ایک سیمی فائنل بھی شامل ہے۔
گروپ میچز:
پاکستان بمقابلہ سری لنکا – 26 فروری 2011ء
کینیا بمقابلہ سری لنکا – یکم مارچ 2011ء
پاکستان بمقابلہ کینیڈا – 3 مارچ 2011ء
سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا – 5 مارچ 2011ء
پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا – 19 مارچ 2011ء
کوارٹر فائنل – 24 مارچ 2011ء (گروپ بی کی فاتح اور گروپ اے میں چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان)
سیمی فائنل – 29 مارچ 2011ء