سہ فریقی سیریز: سری لنکا کی آسٹریلیا پر زبردست فتح، بونس پوائنٹ بھی حاصل کر لیا

1 1,021

باؤلرز، فیلڈرز اور بیٹسمین سب کی یکساں بہترین کارکردگی نے سری لنکا کو کامن ویلتھ بینک سہ فریقی سیریز کے ایک بارش سے متاثرہ مقابلے میں آسٹریلیا کو ایک زبردست شکست دے دی۔ بارش کے باعث 41 اوورز فی اننگز تک محدود کیے گئے اس مقابلے میں سری لنکا کی 8 وکٹوں کی آسان فتح نے اسے بونس پوائنٹ بھی دے دیا ہے جس کی وجہ سے اب سہ فریقی ٹورنامنٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ جہاں بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جبکہ آسٹریلیا 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے لیکن بونس پوائنٹ کے ساتھ فتح نے سری لنکا کو 7 پوائنٹس دے دیے ہیں یوں فائنل کی دوڑ کے لیے ایک سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

تھیسارا پیریرا کی عمدہ فیلڈنگ اور باؤلنگ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (تصویر: Getty Images)
تھیسارا پیریرا کی عمدہ فیلڈنگ اور باؤلنگ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (تصویر: Getty Images)

مائیکل کلارک کی جگہ قیادت کرنے والے رکی پونٹنگ کے لیے یہ مقابلہ یادگار نہ ہو سکا۔ آخری مرتبہ انہوں نے عالمی کپ 2011ء کے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کی کپتانی کی تھی جب اسے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا تھا اور اب بھی ان کی زیر قیادت شکستوں کا سلسلہ جاری رہا۔ خصوصاً ان کی اپنی کارکردگی بھی مایوس کن رہی اور وہ 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سڈنی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں سری لنکا کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا 104 رنز پر اپنی 8 وکٹوں سے محروم ہوا۔ اگر ڈیوڈ ہسی 58 رنز کی اننگز نہ کھیلتے تو آسٹریلیا کی کہانی 100 رنز سے قبل ہی مک چکی ہوتی۔ انہوں نے نویں وکٹ پر مچل اسٹارک کے ساتھ مل کر اسکور میں 49 رنز کا اضافہ کیا اور مزاحمت دکھائی لیکن یہ کافی نہیں تھا۔ آسٹریلیا کے وہ بلے باز، جن پر تکیہ تھا، انتہائی مایوس کن کارکردگی دکھانے کے بعد آؤٹ ہوئے، اس لیے لوئر آرڈر سے یہ توقع رکھنا کہ وہ اس صورتحال سے میچ نکال لے گا؟ عبث ہوگا۔ ٹاپ آرڈر میں ڈیوڈ وارنر 13، میتھیو ویڈ 15، رکی پونٹنگ 2، پیٹر فورسٹ 16 اور مائیک ہسی 13رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ جب 88 رنز پر آسٹریلیا کے 6 کھلاڑی آؤٹ تھے تو میچ کو بارش نے آ لیا اور تقریباً دو گھنٹے کا کھیل ضایع ہوا جس کی وجہ سے میچ کو محدود کر کے 41 اوورز فی اننگز کر دیا گیا۔

یہ وقفہ ملنے کے باعث آسٹریلیا کو کچھ سوچنے کا موقع ملا اور میدان میں واپس آ کر ڈیوڈ ہسی نے اسکور کو آگے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ تاہم آخری یعنی 41 ویں اوور میں پوری ٹیم 158 پر آؤٹ ہو گئی اور سری لنکا کو 159 رنز کا ایک آسان ہدف ملا جسے پہلی وکٹ پر مہیلا جے وردھنے اور تلکارتنے دلشان کی 74 رنز کی شراکت نے مزید آسان کر دیا۔

کپتان جے وردھنے 67 گیندوں پر 61 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ دلشان 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی دوسری گرنے والی وکٹ کمار سنگاکارا کی تھی جنہوں نے 30 رنزکی اننگز کے دوران اپنے ایک روزہ کیریئر کے 10 ہزار رنز مکمل کی۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے تاریخ کے دسویں بلے باز ہیں۔

سری لنکا نے ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے تحت ملنے والا 152 رنز کا ہدف 24.1 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور ایک ہی مقابلے میں شاندار فتح حاصل کر کے 5 پوائنٹس حاصل کیے اور یوں پوائنٹس کی کل تعداد 7 کر لی۔

تھیسارا پیریرا کو دو وکٹیں حاصل کرنے اور دو کھلاڑیوں کو رن آؤٹ کرنےپر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اب سرفہرست پوزیشن کے حصول کے لیے اتوار 19 فروری کو بھارت اور آسٹریلیا کے مابین ایک اہم میچ کھیلا جائے گا اور مائیکل کلارک کی عدم موجودگی میں ایک مرتبہ پھر قیادت رکی پونٹنگ ہی کریں گے۔ دیکھنا یہ ہےکہ کیا آسٹریلیا رکی پونٹنگ کی زیر قیادت سری لنکا کے خلاف اس کراری شکست کے اثرات سے نکلنے میں کامیاب ہوگا؟

آسٹریلیا بمقابلہ سری لنکا

کامن ویلتھ بینک سیریز، چھٹا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

17 فروری 2012ء

بمقام: سڈنی کرکٹ گراؤنڈ، سڈنی، آسٹریلیا

نتیجہ: سری لنکا 8 وکٹوں سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: تھیسارا پیریرا

آسٹریلیا(41 اوورز) رنز گیندیں چوکے چھکے
ڈیوڈ وارنر ک مہاروف ب مالنگا 13 21 2 0
میتھیو ویڈ رن آؤٹ 15 36 1 0
رکی پونٹنگ ک و ب مہاروف 2 10 0 0
پیٹر فورسٹ ک میتھیوز ب مہاروف 16 26 3 0
مائیکل ہسی ک سنگاکارا ب میتھیوز 13 23 1 1
ڈیوڈ ہسی ک تھریمانے ب پیریرا 58 64 6 0
ڈینیل کرسچن ایل بی ڈبلیو ب پیریرا 6 13 1 0
کلنٹ میک کے ایل بی ڈبلیو ب ہیراتھ 3 15 0 0
بریٹ لی رن آؤٹ 0 9 0 0
مچل اسٹارک رن آؤٹ 17 24 2 0
زاویئر ڈوہرٹی ناٹ آؤٹ 2 4 0 0
فاضل رنز ل ب 2، و 11 13
مجموعہ 40.5 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 158

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
لاستھ مالنگا 8.5 0 42 1
نووان کولاسیکرا 8 1 29 0
فرویز مہاروف 8 1 18 2
اینجلو میتھیوز 4 0 26 1
تھیسارا پیریرا 7 1 29 2
رنگانا ہیراتھ 5 1 12 1

 

سری لنکاہدف: 152 (41 اوورز) رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
مہیلا جے وردھنے ناٹ آؤٹ 61 67 5 0
تلکارتنے دلشان ک ڈیوڈ ہسی ب میک کے 45 41 4 1
کمار سنگاکارا ک ڈوہرٹی ب لی 30 29 4 1
دنیش چندیمال ناٹ آؤٹ 6 8 1 0
فاضل رنز ل ب 5، و 5 10
مجموعہ 24.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 152

 

آسٹریلیا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
بریٹ لی 7 0 42 1
مچل اسٹارک 4 0 32 0
کلنٹ میک کے 6 1 23 1
ڈینیل کرسچن 5.1 0 32 0
زاویئر ڈوہرٹی 2 0 18 0