جنوبی افریقہ کی نظریں کلین سویپ اور نمبر ایک پوزیشن پر

0 1,021

جنوبی افریقہ کے پاس تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کی نمبر ایک ٹیم بننے کا موقع ہے کہ اگر وہ نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سویپ سے دوچار کر دے تو انگلستان کو پچھاڑ کر نمبر ون پوزیشن پر قابض ہو جائے گا۔ جنوبی افریقہ کے لیے یہ راہ دراصل پاکستان نے ہموار کی تھی جس نے چند ہفتے قبل انگلستان کو کلین سویپ کی ہزیمت سے دوچار کیا تھا۔

جنوبی افریقی ٹیم ایک روزہ سیريز میں پیش کی جانے والی کارکردگی کو دہرانے کی خواہاں (تصویر: Getty Images)
جنوبی افریقی ٹیم ایک روزہ سیريز میں پیش کی جانے والی کارکردگی کو دہرانے کی خواہاں (تصویر: Getty Images)

انگلستان نے گزشتہ سال عالمی نمبر ایک بھارت کے خلاف 4-0 کی شاندار فتح حاصل کر کے سرفہرست درجہ حاصل کیا تھا اور اس کے بعد رواں سال کے اوائل میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں اسے تمام تین ٹیسٹ میچز میں ذلت آمیز شکست سہنا پڑی۔ گو کہ اس کے باوجود انگلستان کی نمبر ایک پوزیشن برقرار رہی لیکن دوسرے نمبر پر براجمان جنوبی افریقہ پر اس کی برتری محض ایک پوائنٹ ہی رہ گئی اور اب اسے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں زبردست خطرے کا سامنا ہے جو کل سے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے جا رہا ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اس وقت درجہ بندی میں پوزیشن کچھ یوں ہے کہ انگلستان 118 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جسے دوسرے درجے پر موجود جنوبی افریقہ پر صرف ایک پوائنٹ کی سبقت حاصل ہے۔ سابق عالمی نمبر ایک بھارت اور آسٹریلیا 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے پوائنٹس 108 ہیں اور اسے پانچویں پوزیشن حاصل ہے۔

کہنے کو تو نمبر ایک انگلستان کو پیچھے چھوڑنے کے لیے جنوبی افریقہ کو صرف دو پوائنٹس درکار ہیں لیکن اس کے لیے پروٹیز کو ایک پہاڑ عبور کرنا ہے یعنی نیوزی لینڈ کو تینوں ٹیسٹ مقابلوں میں زیر کرنا۔ سیریز کا پہلا میچ کل یعنی 7 مارچ سے ڈنیڈن میں شروع ہو رہا ہے جبکہ دوسرا معرکہ 15 مارچ سے ہملٹن اور تیسرا 23 مارچ سے ویلنگٹن میں ہوگا۔ اگر جنوبی افریقہ یہ تینوں میچز جیتنے میں کامیاب ہو گیا تو اس کے پوائنٹس 119 ہو جائیں گے اور وہ عالمی نمبر ایک بن جائے گا لیکن اس کے علاوہ کوئی بھی مارجن اسے اس تاریخی لمحے تک نہیں پہنچا سکتا یعنی کہ سیریز میں 2-0 یا 2-1 یا کسی بھی دوسرے مارجن سے فتح اس کے لیے کافی نہیں ہوگی۔

اگر جنوبی افریقہ سیریز میں کلین سویپ کرنے اور عالمی نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تو وہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے عالمی نمبر ایک ٹیم کی 'گرز نما ٹرافی' اور ایک لاکھ 75 ہزار ڈالرز کی نقد انعامی رقم کا بھی حقدار قرار پائے گا۔