ہاشم اور مورکل کے ہاتھوں نیوزی لینڈ چت، سیریز پروٹیز کے نام

0 1,043

ہاشم آملہ کی بلے بازی اور مورنے مورکل کی گیند بازی میزبان نیوزی لینڈ کے لیے کافی ثابت ہوئی جو مسلسل دوسرے ایک روزہ میچ میں شکست کے ساتھ سیریز اپنے ہاتھوں سے گنوا بیٹھا اور اب اسے کلین سویپ کے لالے پڑے ہوئےہیں۔ نیوزی لینڈ کے 230 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ نے ہاشم آملہ کی 92 رنز کی اننگز پر سوار ہو کر محض 39 اوورز میں اپنا سفر مکمل کر لیا۔

ہاشم آملہ بدقسمتی سے اپنی سنچری مکمل نہ کر پائے اور 92 رنز پر آؤٹ ہو گئے (تصویر: Getty Images)
ہاشم آملہ بدقسمتی سے اپنی سنچری مکمل نہ کر پائے اور 92 رنز پر آؤٹ ہو گئے (تصویر: Getty Images)

اگر کہا جائے کہ نیوزی لینڈ نے اپنے ہاتھوں سے مقابلہ گنوایا اور جنوبی افریقہ کو طشتری میں رکھ کر پیش کیا تو بے جا نہ ہوگا کیونکہ 33 ویں اوور تک 163 پر اس کے صرف دو کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن بلے بازوں کی احمقانہ جارح مزاجی اور جنوبی افریقہ کی مخصوص پھرتیلی فیلڈنگ نے اس کی اننگز کو بریک لگا دیے۔ نیوزی لینڈ نے اپنی تین وکٹیں اس وقت گنوائیں جب پاور پلے تھا اور بیشتر فیلڈرز دائرے کے اندر تھے۔

کین ولیم سن کی وکٹ گرنے سے اس زوال کا آغاز کیا۔ انہوں نے پاور پلے کے دوران باؤلر لونوابو سوٹسوبے کے اوپر سے گیند کو باؤنڈری کی راہ دکھانا چاہی لیکن گیند کی رفتار سے دھوکا کھا گئے اور ہوا میں اچھال بیٹھے۔ بظاہر تو گیند 'محفوظ علاقے' میں گرنے کا ہی امکان نظر آتا تھا لیکن ژاک کیلس کی الٹی دوڑ اور جست نے ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ پھر برینڈن میک کولم کی باری آئی، جو ایک اور نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوا، اور عین باؤنڈری لائن پر فیلڈر کو کیچ تھما بیٹھے۔ جیسی رائیڈر ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور ڈیل اسٹین کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ سوٹسوبے اور اسٹین کی جانب سے دراڑ ڈالنے کے بعد مورنے مورکل کو نیوزی لینڈ کے نچلے آرڈر پر چھوڑ دیا گیا جنہوں نے تباہ کن گیند بازی کے ذریعے بقیہ تمام بلے بازوں کا صفایا کر دیا۔ صرف ٹم ساؤتھی 28 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کر پائے لیکن اس کے باوجود پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 230 کے ناکامی مجموعے پر ڈھیر ہو گئی۔ مورکل نے محض 38 رنز دے کر نیوزی لینڈ کی آخری پانچوں وکٹیں اپنے نام کیں اور ایک روزہ کیریئر میں پہلی بار 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ یوں نیوزی لینڈ کی آخری 8 وکٹیں اسکور میں محض 67 رنز کا اضافہ کر پائیں جبکہ مارٹن گپٹل اور برینڈن میک کولم کی 107 رنز کی شراکت داری سے لگتا تھا کہ نیوزی لینڈ با آسانی 300 کی نفسیاتی حد عبور کرے گا۔ میک کولم نے 85 اور گپٹل نے 58 رنز بنائے اور پورے میچ میں نیوزی لینڈ کے لیے واحد مثبت عنصر رہے۔

فیلڈنگ اور باؤلنگ میں شاندار کارکردگی کے بعد اب جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کی باری تھی جنہوں نے ابتداء ہی سے فتح کی جانب پیشقدمی جاری رکھی۔ ہاشم آملہ نے نیوزی لینڈ کے گیند بازوں کو آغاز ہی میں 6 چوکوں کی سلامی پیش کی۔ گو کہ زخمی گریم اسمتھ کی جگہ اوپن کرنے والے ژاک کیلس شروع ہی میں پویلین سدھار گئے لیکن ہاشم کا سفر بغیر کسی مشکل کے جاری رہا، جن کی کراری باؤنڈریز نے رن اوسط کو ہمہ وقت 6 رنز سے اوپر رکھا اور محض 20 اوورز میں جنوبی افریقہ نیوزی لینڈ کے نصف اسکور کو حاصل کر چکا تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے تارون نیتھولا نے عمدہ گیند بازی کی۔ وہ واحد گیند باز تھے جن کے سامنے ہاشم آملہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی گیند پر دو مرتبہ فیلڈرز نے مواقع ضایع کیے ایک مرتبہ راب نکول نے ہاشم آملہ کا کیچ چھوڑا جبکہ جیسی رائیڈر ژاں پال دومنی کا کیچ تھامنے میں ناکام رہے۔ لیکن بالآخر وہ ان دونوں بلے بازوں کی وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

اب دونوں ٹیمیں سنیچر کو آکلینڈ میں تیسرا ایک روزہ کھیلیں گی، جہاں جنوبی افریقہ فتح کے ذریعے کلین سویپ کی تکمیل کی کوشش کرے گا جبکہ نیوزی لینڈ اپنی عزت بچانے کی فکر کرے گا۔

اسکور کارڈ کچھ دیر میں ملاحظہ کریں