ناقدین خاموش، پاکستان کامیاب، ایشیا کپ فائنل تک رسائی تقریباً یقینی

0 1,016

مصباح الحق، عمر اکمل اور اعزاز چیمہ نے یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنے ناقدین کے منہ بند کر دیے بلکہ سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ 2012ء کے اہم میچ میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کر کے اسے تقریباً فائنل میں پہنچا دیا ہے۔ اب اس امر کا امکان بہت زیادہ ہو گیا ہے کہ اس اہم ٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے۔

مصباح اور عمر اکمل کی 152 رنز کی شراکت نے مشکل ہوتے سفر کو آسان ترین بنا دیا (تصویر: AFP)
مصباح اور عمر اکمل کی 152 رنز کی شراکت نے مشکل ہوتے سفر کو آسان ترین بنا دیا (تصویر: AFP)

میرپور، ڈھاکہ کے شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کے گیند بازوں نے فتح کی بنیاد رکھی جنہوں نے طویل بیٹنگ لائن اپ کے حامل سری لنکا کو نہ صرف باندھ کر رکھا بلکہ کسی اِن فارم بلے باز کو چلنے نہیں دیا، سوائے کمار سنگاکارا اور اوپل تھارنگا کے ، اور محض 188 رنز پر حریف ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستانی بلے بازوں کے لیے کام آسان ہو گیا۔ گو کہ ابتدائی بلے بازوں کی غیر ذمہ داری اور سفر کے آغاز ہی میں 3 وکٹیں گنوانے نے پاکستان کو سخت دھچکا پہنچایا لیکن مصباح اور عمر کی کیریئر کی یادگار ترین اننگز اور 152 رنز کی فتح گر رفاقت نے پاکستان کو نہ صرف فتح سے ہمکنار کیا بلکہ بونس پوائنٹ بھی دلا دیا۔

189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انتہائی سست رفتاری سے آغاز کے بعد پاکستان کے ابتدائی تین بلے باز ناصر جمشید، محمد حفیظ اور یونس خان بہت ہی غیر ذمہ دارانہ انداز میں آؤٹ ہوئے۔ ناصر کو باہر جاتی ہوئی ایک گیند کو پل کھیلنے کی کوشش مہنگی پڑی اور وہ 18 رنز بنا کر واپس آ گئے۔ محض دو رنز کے اضافے سے محمد حفیظ اور مزید دو رنز بننے کے بعد یونس خان بھی حریف فیلڈرز کو کیچ تھما کر پویلین سدھار گئے اور پاکستان کو سخت مشکلات سے دوچار کر گئے۔ اس موقع پر پاکستانی ڈریسنگ روم میں زبردست تناؤ پیدا ہو گیا، کیونکہ اب اگر آنے والے بلے بازوں نے ذمہ داری کا احساس نہ کرتے تو محض 189 رنز کا ہدف بھی ہمالیہ جیسا ثابت ہو سکتا تھا۔

اس صورتحال میں کپتان مصباح الحق اور نوجوان عمر اکمل کی صلاحیتوں کا حقیقی امتحان تھا اور خوش قسمتی سے دونوں اس میں سرخرو ثابت ہوئے۔ مصباح الحق نے 72 رنز بنا کر بحیثیت کپتان کیریئر کی سب سے بہترین اننگز کھیلی جبکہ عمر اکمل، جو ہدف سے محض 3 رنز کے فاصلے پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، 72 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ انہیں 46 کے انفرادی اسکور پر ایک زندگی ملی تھی، جب لاہیرو تھریمانے نے ان کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 26 اوورز پر مشتمل 152 رنز کی زبردست رفاقت کی خاص بات مصباح کی جانب سے عمر اکمل کی ہمہ وقت رہنمائی تھی۔ جس کی بدولت طویل عرصے بعد کسی ایک روزہ مقابلے میں پاکستانی بلے بازوں کی اچھی کارکردگی دیکھنے میں آئی۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے والے سری لنکا کو اعزاز چیمہ اور سعید اجمل کی نپی تلی گیند بازی اور بلے بازوں کے غلط شاٹس کے انتخاب نے سخت مشکل صورتحال سے دوچار کیا۔

سری لنکا نے آغاز تو روایتی جارحانہ انداز سے کیا لیکن اعزاز چیمہ ابتدائی اوورز کی ناکامی کے بعد بالآخر سری لنکا کی سب سے قیمتی وکٹ یعنی کپتان مہیلا جے وردھنے کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے جو 12 رنز بنا کر محمد حفیظ کو کیچ تھما کر باہر لوٹ آئے۔ دوسری جانب تلکارتنے دلشان بھی اعزاز کا ہی نشانہ بنے۔ دلشان اپنی جارح مزاجی کے باعث پاکستان کے لیے بڑا خطرہ تھے یہاں تک کہ انہوں نے اعزاز کے پہلے اوور میں 17 رنز بھی سمیٹے لیکن اعزاز کی بھرپور واپسی اور مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ گیند کرانے کی صلاحیت کے سامنے بالآخر انہیں ہتھیار ڈالنا پڑے۔ دلشان نے 20 رنز بنائے۔

سری لنکا کو تیسرا دھچکا اگلے اوور میں عمر گل نے پہنچایا، جن کی گیند پر پہلی سلپ میں یونس خان نے دنیش چندیمال کا بہت ہی عمدہ کیچ تھاما۔ جبکہ ایک اور ان فارم بلے باز لاہیرو تھریمانے حماد اعظم کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ محض 65 رنز پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھنے کے بعد کمار سنگاکارا اور اوپل تھارنگا نے اننگز کو درکار تقویت بخشی۔ سنگاکارا نے 71 اور تھارنگا نے 57 رنز کے ذریعے پانچویں وکٹ پر 96 رنز کا اضافہ کیا۔ لیکن ایک مرتبہ پھر سری لنکا کو پاور پلے راس نہیں آیا اور اس کے پہلے ہی اوور میں تھارنگا سعید اجمل کے 'دوسرا' کا نشانہ بنے۔ سعید نے اپنے اگلے اوور میں فرویز مہاروف کو باہر کی راہ دکھائی۔ پاور پلے کے آخری اوور میں نووان کولا سیکرا عمر گل کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے اور یوں پاور پلے سری لنکا کے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوا جس میں صرف 11 رنز کا اضافہ ہوا اور وہ تین قیمتی وکٹوں سے محروم ہو گیا۔

صورتحال کودیکھتے ہوئے سنگاکارا نے تیز کھیلنے کی کوشش کی۔اگلے اوور میں انہوں نے سعیداجمل کو چھکا رسید کیا لیکن محض دو گیند بعد اعزاز چیمہ کی تیسری و قیمتی ترین وکٹ بن گئے۔ سعید اجمل نے 46 ویں اوور میں محض 188 رنز پر سری لنکن اننگز کی بساط لپیٹ دی۔

ایک ایسی ٹیم جس کا بیٹنگ آرڈر بہت طویل ہے اور آٹھویں و نویں نمبر تک کے کھلاڑی کسی حد تک اچھی بلے بازی کر لیتے ہیں، یہ انتہائی مایوس کن کارکردگی تھی۔ اس سے پاکستان کی عمدہ باؤلنگ کا اندازہ بھی ہوتا ہے کیونکہ سری لنکا نے حال ہی میں آسٹریلیا میں باؤلرز کے لیے سازگار کنڈیشنز میں بھی بہت ہی شاندار بیٹنگ کی ہے اور اپنے بلے بازوں کے بل بوتے پر کئی مقابلے جیتے۔

اعزاز چیمہ کو 4 وکٹوں کے حصول پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔

اس اہم میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات واضح ہو چکے ہیں الّا یہ کہ آنے والے دو مقابلوں میں بنگلہ دیش کوئی اپ سیٹ کر دے۔ اگر بھارت کل ہونے والے مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست دیتا ہے تو پاک-بھارت فائنل یقینی ہو جائے گا۔

پاکستان بمقابلہ سری لنکا

ایشیا کپ 2012ء؛ تیسرا مقابلہ

15 مارچ 2012ء

بمقام: شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ، بنگلہ دیش

نتیجہ: پاکستان 6 وکٹوں سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: اعزاز چیمہ

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
مہیلا جے وردھنے ک حفیظ ب چیمہ 12 15 1 0
تلکارتنے دلشان ک سعید ب چیمہ 20 20 4 0
کمار سنگاکارا ب چیمہ 71 92 4 1
دنیش چندیمال ک یونس ب گل 0 4 0 0
لاہیرو تھریمانے ک اکمل ب حماد 7 18 0 0
اوپل تھارنگا ب سعید 57 74 4 0
فرویز مہاروف ک مصباح ب سعید 2 8 0 0
نووان کولاسیکرا ک سرفراز ب گل 4 16 1 0
سیکوگے پرسنا ناٹ آؤٹ 5 17 0 0
لاستھ مالنگا ب چیمہ 1 6 0 0
سورنگا لکمل ک ناصر ب سعید 0 4 0 0
فاضل رنز ل ب 5، و 4 9
مجموعہ 45.4 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 188

 

پاکستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
عمر گل 8 1 20 2
اعزاز چیمہ 9 0 43 4
محمد حفیظ 10 0 40 0
حماد اعظم 4 0 21 1
سعید اجمل 8.4 1 27 3
شاہد آفریدی 6 0 32 0

 

پاکستانہدف: 189 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
محمد حفیظ ک چندیمال ب پرسنا 11 35 1 0
ناصر جمشید ک تھارنگا ب لکمل 18 25 3 0
یونس خان ک مہاروف ب لکمل 2 11 0 0
مصباح الحق ناٹ آؤٹ 72 93 9 1
عمر اکمل ک تھارنگا ب مہاروف 77 72 7 2
حماد اعظم ناٹ آؤٹ 4 5 1 0
فاضل رنز  ل ب 1، و 2، ن ب 2 5
مجموعہ 39.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
لاستھ مالنگا 8 1 44 0
نووان کولاسیکرا 7 2 22 0
سورنگا لکمل 8 1 37 2
سیکوگے پرسنا 7.5 1 49 1
فرویز مہاروف 7 0 23 1
تلکارتنے دلشان 2 0 13 0