بنگلہ دیش کے ہاتھوں آئرلینڈ کو 27 رنز سے شکست
میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں میزبان بنگلہ دیش نے شاندار مقابلے کے بعد آئرلینڈ کو 27 رنز سے شکست دے دی۔ عالمی کپ کے اس نویں میچ میں گروپ بی کی دونوں ٹیموں نے زبردست گیند بازی کا مظاہرہ کیا تاہم آئرلینڈ کی خراب بلے بازی اور بنگلہ دیشی بالرز کی عمدہ گیند بازی نے فتح بنگلہ دیش کے نام کردی۔
206 رنز کے نسبتاً کم ہدف کا دفاع کرنا بنگلہ دیشی گیند بازوں کے لیے کسی معرکے سے کم نہ تھا۔ ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ نے بلے بازی کا آغاز کیا تو ولیم پورٹر فیلڈ اور پال اسٹرلنگ کی جوڑی صرف 5 اوور تک ہی جم پائی۔ چھٹے اوور میں عبدالرزاق نے 36 کے مجموعی اسکور پر اسٹرلنگ (9) کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں اسٹمپ کروا کر اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلوائی۔ صرف 13 رنز اضافہ کے بعد دوسرے اوپنر و کپتان پورٹر فیلڈ (20) شکیب الحسن کی گیند پر رقیب الحسن کو کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد آئرش بلے بازوں ایڈ جوائس اور نیل اوبرائن کی جوڑی نے اسکور میں 39 رنز کا اہم اضافہ کیا تاہم محمد اشرفل نے پہلے جوائس (16) اور ان کے بعد آنے والے بلے باز اینڈرو وائٹ (10) کو پویلین کا رستہ دکھا کر آئرلینڈ کو پھر ایک دھچکا پہنچایا۔ کچھ ہی دیر بعد ان کے ساتھی کھلاڑی اوبرائن (38) بھی ہمت ہار بیٹھے اور شکیب الحسن کی گیند پر تمیم اقبال کو کیچ دے بیٹھے۔
110 پر 5 مستند کھلاڑی پویلین رخصت ہوئے تو آئرش بلے بازوں کی آخری جوڑی کیون اوبرائن اور آندرے بوتھا کی صورت میں موجود تھی جنہوں نے دیگر بلے بازوں کے مقابلے میں بہتر بلے بازی کرتے ہوئے ہدف کا تعاقب جاری رکھا۔ یہ جوڑی ابھی اسکور میں 41 رنز کا اضافہ ہی کرپائی تھی کہ شفیع الاسلام ان کی راہ میں حائل ہوگئے جنہوں نے کیون اوبرائن (37) کو 151 کے مجموعی اسکور پر رخصت کردیا۔ بعد میں آنے والے بلے باز بھی انتہائی ناقص بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پویلین لوٹ گئے۔ ایک جانب بیشتر آئرش بلے باز ازخود بنگلہ دیشی فیلڈرز کو کیچ تھماتے رہے تو دوسری جانب بنگلہ دیشی بالرز نے ان کی حواس باختگی کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ یوں پوری آئرش ٹیم 178 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس سے قبل بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز تمیم اقبال اور امرالقیس کی جانب سے برق رفتار 53 رنز کا آغاز فراہم ہونے کے باوجود بنگلہ دیش کی مڈل آرڈر بیٹنگ لڑ کھڑا گئی۔ امرالقیس (12) کی رخصتی کے بعد بنگلہ دیشی بلے باز سنبھلنے نہ سکے۔ بنگلہ دیش کا مجموعی اسکور 86 ہوا تو اس کے مزید تین بلے باز جنید صدیقی (3)، تمیم اقبال (44)، کپتان شکیب الحسن (16) یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس نازک موقع پر مشفق الرحمن اور راقب الحسن نے ذمہ دارانہ شراکت قائم کرتے ہوئے 61 رنز جوڑے۔ 147 کے مجموعی اسکور پر مشفق الرحمن (36) جارج ڈوک ریل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو گویا بنگلہ دیشی بلے بازی ایک بار پھر پٹری سے اتر گئی۔ نئے آنے والے بلے باز محمد اشرفل (1) ساتھی کھلاڑی کے ہمراہ اسکور میں صرف چار رنز کا اضافہ کر سکے۔ اس کے بعد نعیم اسلام نے بلا سنبھالا تو سیٹ بلے باز رقیب الحسن (38) اینڈرو وائٹ کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ نعیم اسلام (29) نے اس موقع پر ایک اینڈ کو سنبھالے رکھا تاہم دوسرے اینڈ سے شفیع السلام (2) اور عبدالرزاق (11) کی آمد و رخصتی کے بعد وہ بھی آخری اوور میں ٹرینٹ جانسن کی گیند پر اینڈریو وائٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 205 رنز پر تمام بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوئے تو روبیل حسین 2 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔
بنگلہ دیشی بلے باز تمیم اقبال کو 43 گیندوں پر 7 چوکوں سے مزین 44 رنز کی تیز رفتار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نا تجربے کار آئرلینڈ کے خلاف بنگلہ دیش سے بڑے اسکور کی توقع کی جارہی تھی۔ مڈل آرڈر کی ناکامی کے باعث وہ کوئی بڑا مجموعہ بنانے میں ناکام رہے تاہم چھوٹے ہدف کے کامیاب دفاع نے آئندہ مقابلوں کے لیے بنگلہ دیش کے حوصلوں کو ضرور جلا بخشی ہوگی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع السلام نے بہترین گیند بازی کرتے ہوئے 8 اوورز میں 21 رنز کے عوض 4 کھلاڑی شکار کیے۔ دوسری جانب آئرش گیند بازوں نے بھی بنگلہ دیش کو بڑے مجموعہ سے باز رکھنے کی ذمہ داری کو بھرپور انداز سے نبھایا۔ آئرلینڈ کی جانب سے جارج ڈوکریل نے 10 اوورز میں 23 رنز دے کر 3 حریف کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔
بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد بنگلہ دیش کے لیے یہ فتح عالمی کپ کے لیے مستقبل میں بہتری کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ اب بنگلہ دیش اپنا اگلا مقابلہ شکستوں سے چور چور ویسٹ انڈیز کے خلاف مارچ کو ڈھاکہ میں کھیلے گا۔ دوسری جانب آئرلینڈ کی ٹیم اگلے مقابلے میں 2 مارچ کو بھارت کے شہر بنگالورو میں انگلستان کے مدمقابل آئے گی۔