[گیارہواں کھلاڑی] ٹیسٹ اوپنرز کے دلچسپ اعداد و شمار

0 1,029

بلے بازی کرکٹ کا سب سے اہم ترین حصہ ہے کیونکہ میچ کے جیتنے کا انحصار اس حصے میں بنائے گئے رنز پر ہی ہوتا ہے اور اس میں سب سے زیادہ اہمیت اوپنرز کو حاصل ہوتی ہے جن کی رکھی گئی بنیاد میچ میں ٹیم کے جیتنے کے امکانات کو کم یا زیادہ کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔

گریم اسمتھ وہ منفرد کھلاڑی ہیں، جن کی کبھی کوئی سنچری رائیگاں نہیں گئی (تصویر: Getty Images)
گریم اسمتھ وہ منفرد کھلاڑی ہیں، جن کی کبھی کوئی سنچری رائیگاں نہیں گئی (تصویر: Getty Images)

طویل طرز کی کرکٹ میں اوپنرز کا جلد میدان سے واپس لوٹ آنا اگلے بلے بازوں کی ذمہ داری کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے اور اگر وہ اس کا بوجھ اٹھانے میں ناکام رہیں تو ٹیم کو بہت زیادہ مشکلات پیش آ جاتی ہیں۔

بہرحال، بلے بازوں کی اس اہم ترین پوزیشن یعنی اوپنرز کی اہمیت کے پیش نظر آج ہم ٹیسٹ کرکٹ میں اوپنرز کے ریکارڈز پر نظر دوڑائیں گے اور کوشش ہوگی کہ بحیثیت اوپنر بلے بازی کے ہر پہلو پر نظر ڈالی جائے۔

تو سب سے پہلے ذکر کرتے ہیں ٹیسٹ تاریخ میں اوپنر کی حیثیت سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بھارت کے سنیل گاوسکر کا، جنہیں اس پوزیشن پر سب سے زیادہ یعنی 119 میچز اور سب سے زیادہ یعنی 203 اننگز کھیلنے کے ریکارڈز بھی حاصل ہیں۔ سنیل کے علاوہ صرف ویسٹ انڈیز کے ڈیسمنڈ ہینز ہی ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ میں بحیثیت اوپنر 200 سے زیادہ اننگز کھیل پائے ہیں۔

ٹیسٹ تاریخ میں اوپنر کی حیثیت سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی

نام ملک مقابلے اننگز رنز اوسط
سنیل گاوسکر بھارت 119 203 9607 50.29
میتھیو ہیڈن آسٹریلیا 103 184 8625 50.73
جیفری بائیکاٹ انگلستان 107 191 8091 48.16
گراہم گوچ انگلستان 100 184 7811 43.88
گریم اسمتھ جنوبی افریقہ 96 165 7807 50.69
وریندر سہواگ بھارت 91 157 7799 51.64
مارک ٹیلر آسٹریلیا 104 186 7525 43.49
گورڈن گرینج ویسٹ انڈیز 107 182 7488 45.10
مائیک ایتھرٹن انگلستان 108 197 7476 39.14
ڈیسمنڈ ہینز ویسٹ انڈیز 116 201 7472 42.45

سنیل گاوسکر کو ہی یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے اوپنر کی حیثیت سے سب سے زیادہ 33 سنچریاں بنائی ہیں۔ گاوسکر کے کیریئر کی کل سنچریاں 34 ہیں، جن میں سے 33 اوپننگ پوزیشن پر اور ایک سنچری چوتھی پوزیشن پر کھیلتے ہوئے بنائی گئی۔ یہ انوکھی سنچری انہوں نے 1983ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف چنئی کے مقام پر بنائی تھی جو حیران کن طور پر ان کے کیریئر کا بہترین اسکور بھی ہے ۔ اس یادگار اننگز میں انہوں نے ناقابل شکست 236 رنز بنائے تھے۔

بھارت کے سنیل گاوسکر اور آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن ہی دو ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے اوپنر کی حیثیت سے 30 سے زیادہ سنچریاں بنائی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ 24 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس کے علاوہ موجودہ کھلاڑیوں میں انگلستان کے دونوں اوپنرز اینڈریو اسٹراس (18) اور ایلسٹر کک (17) بھی اس دور میں شامل ہیں۔ ایلسٹر کک نے اب تک جس طرح سے بلے بازی کی ہے اس سے ہم یہ ضرور نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں کہ اگلے 4 سے 5 سال تک اس فہرست میں پہلے نمبر پر آ سکتے ہیں۔

ٹیسٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے اوپنرز

نام ملک مقابلے سنچریاں
سنیل گاوسکر بھارت 119 33
میتھیو ہیڈن آسٹریلیا 103 30
گریم اسمتھ جنوبی افریقہ 96 24
جیفری بائیکاٹ انگلستان 107 22
وریندر سہواگ بھارت 91 21
گورڈن گرینج ویسٹ انڈیز 107 19
لین ہٹن انگلستان 76 19
مارک ٹیلر آسٹریلیا 104 19

کسی بھی مقابلے میں دونوں ٹیموں کے مطمع نظر یہی ہوتا ہے کہ کسی طرح حریف ٹیم کو زیر کیا جائے اور اس کے لیے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی سر دھڑ کی بازی لگا دیتے ہیں۔ اس لیے اوپنرز کی سنچریاں بھی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اس میں سب سے نمایاں نام آسٹریلیا کے میٹ ہیڈن کا ہے جنہوں نے 23 سنچریاں ایسے مقابلوں میں بنائی ہیں جن میں ان کی ٹیم فتح یاب ٹھیری ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ 16 وننگ سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ گریم اسمتھ کو یہ انوکھا اعزاز حاصل ہے کہ ان کے کیریئر کی کوئی بھی سنچری رائیگاں نہیں گئی اور تمام 24 مواقع پر جنوبی افریقہ کو شکست نہیں ہوئی، یعنی 16 میں پروٹیز نے فتوحات حاصل کیں اور 8 مقابلے بغیر کسی نتیجے تک پہنچے ختم ہوئے۔

کرک نامہ کے قارئین کو ایک اور دلچسپ بات بھی بتاتا چلوں کہ سنیل گاوسکر جنہوں نے اوپننگ پوزیشن پر سب سے زیادہ 33 سنچریاں بنائی ہیں کی صرف 6 سنچریاں ایسی ہیں، جن سے وہ بھارت کو فتح دلا پائے ہیں۔ باقی 27 سنچریوں میں یا تو بھارت شکست سے دوچار ہوا ہے یا مقابلہ بغیر کسی نتیجے تک پہنچے اختتام پذیر ہوا۔

جیتے گئے مقابلوں میں سنچریاں بنانے والے اوپننگ بلے باز

نام ملک سنچریاں، جیتے گئے میچز میں
میتھیو ہیڈن آسٹریلیا 23
گریم اسمتھ جنوبی افریقہ 16
گورڈن گرینج ویسٹ انڈیز 14
مائیکل سلیٹر آسٹریلیا 11
مارک ٹیلر آسٹریلیا 11
جیفری بائیکاٹ انگلستان 10
ڈیسمنڈ ہینز ویسٹ انڈیز 10

ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک 25 ٹرپل سنچریاں بنائی جا چکی ہیں جس میں اوپنرز نے 14 ٹرپل سنچریاں بنائی ہیں۔ بھارت کے وریندر سہواگ اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کو یہ اعزاز دو، دو بار حاصل ہوا ہے۔

دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اوپنرز کی ان 14 ٹرپل سنچریوں میں صرف برصغیر کے صرف 4 بلے باز شامل ہیں۔ جن میں پاکستان کے 'لٹل ماسٹر' حنیف محمد کے ویسٹ انڈیز کے خلاف 1958ء میں بنائے گئے 337 رنز، سنتھ جے سوریا کے بھارت کے خلاف 1997ء کے 340 رنز، وریندر سہواگ کی پاکستان کے خلاف 2004ء میں بنائی گئی 309 رنز کی شعلہ فشاں اننگز اور پھر انہی کی 2008ء میں جنوبی افریقہ کے بنائی گی 319 رنز کی اننگز شامل ہیں۔

ایک اور مزیدار بات یہ ہے کہ کرکٹ کی تاریخ کی پہلی سنچری اور ٹرپل سنچری دونوں اوپنرز ہی نے بنائی ہیں۔ آسٹریلیا کے اوپنر چارلس بینرمین نے 1877ء میں ملبورن کے تاریخی میدان میں تاریخ کی پہلی سنچری بناتے ہوئے 165 رنزکی ناقابل شکست و یادگار باری کھیلی تھی۔ انگلستان کے اوپنر اینڈریو سینڈہیم نے 1930ء میں کنگسٹن کے مقام پر ویسٹ انڈیز کے خلاف 325 رنز بنا کر کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام پہلے ٹرپل سنچورین کی حیثیت سے محفوظ کرایا۔