چیمپئنز ٹرافی کا سلسلہ ختم؛ 2013ء میں آخری ٹورنامنٹ ہوگا

2 1,001

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تمام طرز کی کرکٹ میں صرف ایک بڑے ٹورنامنٹ کے انعقاد کی طرف عملی قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایک روزہ مقابلوں کے دوسرے سب سے بڑے ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی کا سلسلہ ختم کیا جارہا ہے۔ آئی سی سی کے اس فیصلے کے بعد یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ آئندہ سال انگلستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2013ء اپنے سلسلے کی آخری کڑی ہوگی اور مستقبل میں عالمی سطح پر ایک روزہ کرکٹ میں کا واحد بڑا ٹورنامنٹ "عالمی کپ" ہی کھیلا جائے گا۔

گذشتہ چیمپیئنز ٹرافی سال 2009ء میں کھیلی گئی جس میں آسٹریلوی ٹیم نے اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔

دبئی میں ہونے والے آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے بعد چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم نے چند ماہ قبل کہا تھا کہ ہم ہر طرز کی کرکٹ میں صرف ایک چیمپئن شپ ٹورنامنٹ چاہتے ہیں، اس لیے ہم نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کو جگہ دی ہے اور اس کی جگہ ون ڈے چیمپئنز ٹرافی کو نکالا جا رہا ہے۔ چونکہ 50 اوورز کی طرز عالمی کپ پہلے ہی موجود ہے اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے جگہ نکالنے کی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کو ختم کرنا ہوگا۔"

یاد رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا انعقاد 2013ء میں طے تھا جس کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کونسل اسی سال طے شدہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی راہ ہموار کرنے کے لیے اس کا خاتمہ چاہتی تھی تاہم نشریات کار اور معاونین (اسپانسرز) اپنے ممکنہ مالی خسارے کے باعث آڑے آ گئے اور آئی سی سی پر دباؤ ڈال کر ٹیسٹ چیمپئن شپ کو 2017ء تک مؤخر کرا دیا۔  ظاہر سی بات ہے کہ نشریات کار ای ایس پی این اسٹار اسپورٹس کے لیے محدود اوورز کا ایک ٹورنامنٹ مالی لحاظ سےزیادہ فائدہ مند ہو سکتا ہے اس لیے اس نے اپنا جھکاؤ اسی جانب دکھایا اور اس کی جگہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے کوالیفائرز کی رائے رد کر دی۔ آئی سی سی کو نشریات کاروں اور اسپانسرز کے ہاتھوں یرغمال ہو کر ٹیسٹ چیمپئن شپ موخر کرنا پڑی اور اس خفت کا بدلہ اب وہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے خاتمے کے ذریعے مٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ موخر کرنے کے فیصلے پر کرکٹ کے روایتی حلقوں کی جانب سے آئی سی سی پر سخت تنقید کی گئی اور کرکٹ قوانین کے رکھنے میری لبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے اسے ٹیسٹ کرکٹ پر کاری ضرب قرار دیا۔

چیمپئنز ٹرافی پہلی بار 1998ء میں ایک ناک آؤٹ ٹورنامنٹ کی صورت ميں کھیلی گئی جس کے بعد سے اسے عالمی کپ کے بعد آئی سی سی کے دوسرے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کی حیثیت حاصل تھی۔ یہ ٹورنامنٹ اب تک ہر دو سال بعد منعقد ہوتا آ رہا ہے اور 2009ء کے بعد یہ 2013ء میں انگلستان میں کھیلا جائے گا جہاں آخری مرتبہ دنیائے کرکٹ کی سرفہرست 8 ٹیمیں ایک ون ڈے ٹورنامنٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

1998ء میں کھیلی گئی پہلی چیمپئنز ٹرافی جنوبی افریقہ کے نام رہی جبکہ دوسری ٹرافی کا فاتح نیوزی لینڈ بنا۔ سال 2002ء میں اس ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ دو کوششوں کے باوجود نتیجہ خیز نہ ثابت ہوسکا جس پر بھارت اور سری لنکا کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا۔ سال 2004ء کی چیمپئنز ٹرافی انگلستان کے نام رہی جو اس ٹورنامنٹ کا میزبان بھی تھا۔ اب تک کھیلی گئی 6 چیمپئنز ٹرافیز میں آسٹریلیا کی ٹیم مسلسل 2 بار 2006ء اور 2009ء میں اس اعزاز کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔