ذوالقرنین حیدر کھلاڑیوں اور صحافیوں کے لیے این جی او قائم کریں گے

0 1,114

پاکستان کے وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر طبّی اخراجات ادا کرنے کی حیثيت نہ رکھنے والے فرسٹ کلاس کھلاڑیوں کے لیے این جی اوقائم کرنے جا رہے ہیں جو کھیلوں سے وابستہ صحافیوں کی بھی مدد کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسے کئی کھلاڑیوں اور صحافیوں کو جانتے ہیں جو صرف اور صرف اس لیے موت کے گھاٹ اتر رہے ہیں، کیونکہ علاج معالجہ کرانے کی مالی حیثیت نہیں رکھتے۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ تمام فرسٹ کلاس کھلاڑی اور صحافی اس مسئلے سے دوچار ہیں لیکن بڑھتے ہوئے طبی اخراجات کے باعث ایسے افراد کی تعداد بہت زیادہ ہو چکی ہے اور ادویات و علاج دونوں اُن کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں۔

ذوالقرنین چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کو سرپرست کی حیثیت سے این جی او میں شامل کرنا چاہتے ہیں
ذوالقرنین چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کو سرپرست کی حیثیت سے این جی او میں شامل کرنا چاہتے ہیں

ذوالقرنین حیدر اس مقصد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کو سرپرست کی حیثیت سے این جی او میں شامل کرنا چاہتے ہیں اور وہ بطور سفیر منصب سنبھالنے کے لیے معروف امپائر علیم ڈار سے بھی رابطہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دستاویزی کام مکمل کر رہا ہوں اور آنے والے دنوں میں مکمل دستاویزات کے ساتھ چیئرمین صاحب سے ملاقات کروں گا اور مطالبہ کروں گا کہ وہ سرپرست کی حیثیت سے اس انجمن کو سنبھالیں اور ہماری رہنمائی کریں۔ اگر وہ اس منصب کو سنبھالنے پر رضامند نہ ہوئے تو میں کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ توقیر ضیا سے رابطہ کروں گا۔

اس این جی او کو چلانے والے ذوالقرنین واحد فرد نہیں ہیں بلکہ ملک بھر سے چند سابق اور موجودہ ٹیسٹ کھلاڑی بھی ان کے ساتھ ہیں۔ اس کام میں میں اکیلا نہیں ہوں، چند مشہور کھلاڑی بھی میرے ساتھ ہیں، میں ان کے نام ظاہر نہیں کرنا چاہتا لیکن جلد ہی ایک باضابطہ تقریب میں این جی او کا آغاز ہوگا اور وہ تمام کھلاڑی اس وقت میرے ساتھ ہوں گے۔ تقریباً 200 کھلاڑیوں نے رابطہ کرنے کے بعد اس مقصد کا خیرمقدم کیا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان کے ایک فرسٹ کلاس کرکٹر عامر بشیر سرطان جیسے موذی مرض میں صرف اس لیے انتقال کر گئے تھے کہ ان کے پاس علاج معالجے کے لیے پیسے نہیں تھے۔