شیونرائن چندرپال 10 ہزار رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل

0 1,016

ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال کرکٹ کی تاریخ کی چیدہ ترین شخصیات کے کلب میں شامل ہو گئے ہیں، یعنی 10 ہزار رنز بنانے والے بلے بازوں میں۔ انہوں نے ونڈسر پارک، روسیو، ڈومینیکا میں آسٹریلیا کے خلاف جاری تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنے کیریئر کا یہ اہم ترین سنگ میل عبور کیا۔

شیونرائن ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی بھی ہیں (تصویر: AFP)
شیونرائن ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی بھی ہیں (تصویر: AFP)

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ان سے قبل صرف 9 بلے بازوں کو یہ اعزاز حاصل رہا ہے جن میں بہت ہی عظیم نام شامل ہیں۔ سرفہرست 'لٹل ماسٹر' سچن تنڈولکر ہیں جن کے رنز کی تعداد 15470 ہے جبکہ چند ہی روز قبل آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ بھارت کے راہول ڈریوڈ کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر براجمان ہوئے ہیں۔

تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کی آخری گیند پر وہ بدقسمتی سے ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ انہوں نے 122 گیندوں پر 69 رنز بنائے اور حریف کپتان مائیکل کلارک کی تیسری وکٹ بنے۔

شیونرائن نے 140 ٹیسٹ پر مشتمل اپنے کیریئر میں 50.02 کی اوسط سے 10 ہزار 55 رنز بنائے ہیں۔ 25 سنچریوں اور 59 نصف سنچریوں کی مدد سے وہ ویسٹ انڈیز کی تاریخ کے دوسرے بہترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے صرف برائن لارا ہی اس سنگ میل کو عبور کر پائے ہیں جو 11 ہزار 953 رنز بنانے کے بعد 2006ء میں ریٹائر ہو گئے تھے۔

بلے بازی کے منفرد انداز کے باعث شہرت پانے والے شیونرائن نے 1994ء میں انگلستان کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ 18 سالہ کیریئر اور 50 رنز کا اوسط اُن کی عظمت کا غماز ہے۔ انہیں ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ یعنی 140 ٹیسٹ میچز کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

ذیل میں ہم قارئین کی دلچسپی کے لیے 10 ہزار رنز بنانے والے تمام کھلاڑیوں کے مختصر اعداد و شمار پیش کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ قارئین کی دلچسپی کا باعث بنیں گے۔

10 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے بلے باز

نام ملک دورانیہ مقابلے اننگز رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
سچن تنڈولکر بھارت 1989ء تا حال 188 311 15470 248* 55.44 51 65
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 1995ء تا حال 165* 282 13346 257 52.75 41 62
راہول ڈریوڈ بھارت 1996ء تا 2012ء 164 286 13288 270 52.31 36 63
ژاک کیلس جنوبی افریقہ 1995ء تا حال 152 257 12379 224 56.78 42 55
برائن لارا ویسٹ انڈیز 1990ء تا 2006ء 131 232 11953 400* 52.88 34 48
ایلن بارڈر آسٹریلیا 1978ء تا 1994ء 156 265 11174 205 50.56 27 63
اسٹیو واہ آسٹریلیا 1985ء تا 2004ء 168 260 10927 200 51.06 32 50
مہیلا جے وردھنے سری لنکا 1997ء تا حال 130 217 10440 374 51.17 31 41
سنیل گاوسکر بھارت 1971ء تا 1987ء 125 214 10122 236* 51.12 34 45
شیونرائن چندرپال ویسٹ انڈیز 1994ء تا حال 140* 239 10055 203* 50.02 25 59

* ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان روسیو، ڈومینیکا میں تیسرا و آخری ٹیسٹ ابھی جاری ہے، البتہ فہرست میں موجود رکی پونٹنگ اور شیونرائن چندرپال دونوں اپنی باریاں مکمل کر چکے ہیں۔