کنیریا اور ویسٹ فیلڈ کے خلاف انگلش بورڈ کی انضباطی کارروائی ملتوی

0 1,004

پاکستان کے سابق اسپنر دانش کنیریا اور مروین ویسٹ فیلڈ کے خلاف ہونے والی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی انضباطی کارروائی کو 18 جون تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ پہلے کارروائی کی تاریخ 21 مئی طے کی گئی تھی مگر کنیریا کے وکلاء کی گزارش پر اسے مؤخر کر دیا گیا ہے۔کارروائی میں ای سی بی کے انسداد بدعنوانی کے قوانین کی مبینہ خلاف ورزی کرنے پر ویسٹ فیلڈ اور دانش کنیریا پر لگائے گئے الزامات کی سماعت ہو گی۔ سماعت کی قیادت ای سی بی کے کرکٹ ڈسپلن کمیشن کے چیئرمین جیرارڈ ایلیاس کیو سی کریں گے۔

دانش کنیریا پر عالمی سطح پر پابندی لگ سکتی ہے (تصویر: PA Photos)
دانش کنیریا پر عالمی سطح پر پابندی لگ سکتی ہے (تصویر: PA Photos)

ایسکس کے سابق گیند باز مروین ویسٹ فیلڈ کو رواں سال جنوری میں اس وقت 4 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی جب انہوں نے تسلیم کیا کہ ستمبر 2009ء میں ڈرہم کے خلاف ایک مقابلے کے دوران انہوں نے جان بوجھ کر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے عدالت کے روبرو دانش کنیریا کا نام اس قضیے کے منصوبہ ساز کی حیثیت سے لیا، جنہیں ناکافی ثبوت کی بنا پر پولیس کی جانب سے مرتکب نہیں ٹھیرایا گی تھا۔ تاہم اس مقدمے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اس معاملے پر انضباطی کارروائ کر رہا ہے۔

اگر ای سی بی نے دانش کو مجرم قرار دے دیا تو وہ عالمی سطح پر کرکٹ کھیلنے سے محروم ہو سکتے ہیں۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے قوانین کے تحت اگر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ان پر پابندی عائد کرتا ہے تو تمام کرکٹ کھیلنے والے ممالک اس کو تسلیم اور نافذ کریں گے۔

گزشتہ ماہ پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (پی سی اے) کے قانونی مشیر این اسمتھ نے کہا تھا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ دانش کنیریا پر عالمی سطح کی پابندی عائد کر سکتا ہے اور وہ اس سلسلے میں کاؤنٹی اسپاٹ فکسنگ معاملے کی مکمل چھان بین کرے گا۔ اگر مروین ویسٹ فیلڈ کے الزامات درست ثابت ہوئے تو کنیریا پر پابندی لگا دی جائے گا۔

مروین فیسٹ فیلڈ کو 6 ہزار پاؤنڈز کے بدلے ایک اوور میں جان بوجھ کر 12 رنز دینے کا اعتراف کرنے پر 4 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ ان کے کرکٹ کھیلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی۔

ان سے قبل اگست 2010ء میں انگلستان و پاکستان کے درمیان لارڈز میں ہونے والے ٹیسٹ کے دوران پاکستان کے دو گیند بازوں محمد عامر اور محمد آصف کو جان بوجھ کر نو بالز پھینکنے اور کپتان سلمان بٹ کو اس معاملے کی سازش کرنے کے الزام میں کڑی سزائیں دی جا چکی ہیں۔ تینوں کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی کم از کم پانچ، پانچ سال کی پابندی کا تو نشانہ بنے ہی لیکن انہیں برطانیہ میں بدعنوانی و دھوکہ دہی کے مقدمے میں قید کی سزائیں بھی بھگتنا پڑیں۔ محمد عامر اور محمد آصف تو قید کی سزائیں مکمل کر چکے ہیں لیکن سلمان بٹ اب بھی انگلستان کے ایک قید خانے میں ہیں۔