’دوستی کی جانب ایک اور قدم‘ ذکا اشرف کو آئی پی ایل فائنل دیکھنے کی دعوت
2008ء سے منقطع پاک-بھارت کرکٹ تعلقات میں رواں ماہ بہت تیزی سے بہتری آتی دکھائی دے رہی ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں ایک پاکستانی ٹیم کو مدعو کرنے کے اعلان نے نہ صرف یہ کہ انڈین پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی واپسی کا اشارہ دیا ہے بلکہ اب بی سی سی آئی نے ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے رواں سال آئی پی ایل فائنل دیکھنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف کو مدعو کر ڈالا ہے۔
27 مئی کو چنئی میں ہونے والے فائنل مقابلہ دیکھنے کے لیے ذکا اشرف کو چند روز قبل بھارتی بورڈ کی جانب سے ایک دعوت نامہ ملی ہے جس کو قبول کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وہ دو روزہ دورے بھارت جائیں گے اور پوری کوشش کریں گے کہ یہ دورہ دو طرفہ کرکٹ تعلقات کی بحالی میں سنگ میل ثابت ہو۔
انہوں نے بی سی سی آئی کے اس قدم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دعوت بھارتی بورڈ کی جانب سے ایک مثبت پیشرفت ہے اور امید ہے کہ اس میں بی سی سی آئی عہدیداران سے غیر رسمی بات چیت بھی ہوگی۔
اس وقت لندن میں موجود ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہم روایتی حریف بھارت سے باقاعدگی کے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور تعلقات کی بہتری کے لیے ہر سطح پر بات چیت کو تیار ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری مرتبہ دو طرفہ سیریز 2007ء میں کھیلی گئی تھی اور 2008ء میں ممبئی میں دہشت گردوں کے حملے نے دونوں ملکوں کے کرکٹ تعلقات کو آخری ضرب لگائی اور بی سی سی آئی کی جانب سے نہ صرف پاکستان سے بین الاقوامی سطح پر تمام تعلقات منقطع کر دیے گئے بلکہ پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ میں بھی پاکستان کے کھلاڑیوں اور ٹیموں کو شرکت سے روک دیا گیا۔
گزشتہ سے پیوستہ ہفتے میں بی سی سی آئی نے اعلان کیا تھا کہ اسے آئندہ چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں کسی پاکستانی ٹیم کی شرکت پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور وہ گورننگ کونسل سے رواں سال سی ایل ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان سے ایک ٹیم مدعو کرنے کی سفارش کرے گا۔ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ کی اس سفارش پر عمل کیا گیا تو پاکستان کی مقامی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز رواں سال اکتوبر کے مہینے میں بھارتی سرزمین پر ایکشن میں نظر آ سکتی ہے۔