ویسٹ انڈیز کو دھچکا، کیمار روچ زخمی ہو کر دورۂ انگلستان سے باہر

0 1,024

دورۂ انگلستان میں میزبان بلے بازوں کو نیچا دکھانے میں مکمل طور پر ناکام ہونے والے ویسٹ انڈین باؤلنگ اٹیک کو بہت ہی زبردست دھچکا پہنچا ہے کیونکہ ان کے اہم ترین گیند باز کیمار روچ زخمی ہو کر پورے دورے سے باہر ہو چکے ہیں۔

کیمار روچ دورۂ انگلستان میں اپنی کارکردگی سے متاثر کرنے والے واحد مہمان باؤلر تھے (تصویر: Getty Images)
کیمار روچ دورۂ انگلستان میں اپنی کارکردگی سے متاثر کرنے والے واحد مہمان باؤلر تھے (تصویر: Getty Images)

انہیں پنڈلی کی تکلیف کے باعث فوری طور پر وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔

کیمار روچ ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے بعدتکلیف محسوس کر رہے تھے، جس کےمعائنے کے بعد انہیں مزید کھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔ ویسٹ اولین دونوں ٹیسٹ میچز میں واضح شکست کے بعد سیریز پہلے ہی ہار چکا ہے اور اب آخری ٹیسٹ سے قبل روچ کی روانگی سے ویسٹ انڈین باؤلنگ اٹیک مزید کمزور ہو جائے گا۔

ویسٹ انڈیز کے فزیوتھراپسٹ سی جے کلارک کا کہنا ہے کہ کیمار گزشتہ دو میچز سے پنڈلی میں سوجن کا شکار تھے اور اس کے باوجود انہوں نے شرکت کی تاہم مستقبل کو نظر میں رکھتے ہوئے انہیں بحالی کےلیے وقت دیا گیا ہے تاکہ وہ کسی بڑی تکلیف کا شکار نہ ہو جائیں۔ روچ نے اولین دونوں ٹیسٹ میچز میں کل ملا کر 8 وکٹیں حاصل کیں اور بہت ہی عمدہ گیند بازی کی۔

تیسرا ٹیسٹ 7 جون سے ایجبسٹن، برمنگھم میں شروع ہوگا جس سے قبل ویسٹ انڈیز کو کیمار روچ کے متبادل کا اعلان کرنا ہے۔