وسیم اور وقار کو دیکھ کر یارکر گیندیں کرانا سیکھا، مالنگا
سری لنکا کے تیز رفتار گیند باز لاستھ مالنگا، جو گزشتہ روز کینیا کے خلاف ہیٹ ٹرک کر کے عالمی کپ کی تاریخ میں دو مرتبہ ہیٹ ٹرک کرنے والے واحد باؤلر بن گئے ہیں، نے کہا ہے کہ انہوں نے یار کر کرنا پاکستان کے عظیم باؤلرز وسیم اکرم اور وقار یونس کو دیکھ کر سیکھا ہے۔
مالنگا نے منگل کو پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو میں کھیلے گئے میچ کے دوران 38 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے پورے کیریئر کی بہترین باؤلنگ ہے۔ اس شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا اور اسی تباہ کن باؤلنگ نے کینیا کو 142 رنز پر ڈھیر کیا اور سری لنکا کو 9 وکٹ سے فتح دلوائی۔
مالنگا نے کہا کہ "پریماداسا اسٹیڈیم کی پچ بہت سلو تھی اور یہاں باؤنسر گیندیں ہر گز کارگر نہ ہوتیں اس لیے انہوں نے یارکرز پھینکنے کا فیصلہ کیا۔" انہوں نے کہا کہ جب وہ پہلی مرتبہ قومی ٹیم میں آئے تھے تو انہیں یارکر کرانا نہیں آتی تھی لیکن اس وقت کے سری لنکن تیز باؤلرز چمپاکا رامانائیکے اور رمیش رتنائیکے نے انہیں یہ ہنر سکھایا۔ میں نے وسیم اکرم اور وقار یونس کی باؤلنگ کی وڈیوز بھی دیکھیں اور ان سے بہت کچھ سیکھا۔
مالنگا جو کمر میں تکلیف کے باعث پاکستان کے خلاف اہم میچ میں شریک نہیں ہوئے تھے، نے مسلسل تین گیندوں پر تنمے مشرا، پیٹر اونگونڈو اور شیم این گوچے کی وکٹیں حاصل کر کے عالمی کپ میں اپنی دوسری ہیٹ ٹرک کی۔ یاد رہے کہ 2007ء کے عالمی کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ہیٹ ٹرک کی تھی بلکہ اس میچ میں انہوں نے مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرنے کا انوکھا کارنامہ انجام دیا تھا۔