ایک روزہ میں سرفہرست آسٹریلیا کے لیے شیلڈ اور پونے دو لاکھ ڈالرز کا انعام

0 1,046

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہارون لورگاٹ نے سال بھر ایک روزہ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست رہنے پر آسٹریلیا کی قومی کرکٹ ٹیم کو ’آئی سی سی او ڈی آئی شیلڈ‘ اور ایک لاکھ 75 ہزار ڈالرز کے نقد انعام سے نوازا ہے۔

آئی سی سی او ڈی آئی شیلڈ 2002ء سے اب تک صرف دو مرتبہ آسٹریلیا کو نہیں مل پائی (تصویر: Getty Images)
آئی سی سی او ڈی آئی شیلڈ 2002ء سے اب تک صرف دو مرتبہ آسٹریلیا کو نہیں مل پائی (تصویر: Getty Images)

کرک نامہ کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں ہارون لورگاٹ نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ کو او ڈی آئی شیلڈ دی ۔ سدرلینڈ نے ایک لاکھ 75 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کا چیک بھی وصول کیا۔

اس موقع پر مائیکل کلارک اور ان کی عالمی نمبر ایک ٹیم کو سراہتے ہوئے ہارون لورگاٹ نے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں میں آسٹریلیا نے ایک روزہ شیلڈ پر زبردست گرفت رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے 50 اوورز کی طرز کی کرکٹ پر حقیقی بالادستی قائم رکھی ہوئی ہے اور اپنے اس تاج کو سے دستبردار ہونے پر کسی طرح تیار نظر نہیں آتی۔ یہ مسلسل تیسرا سال ہے کہ آسٹریلیا ایک روزہ درجہ بندی میں سرفہرست ہے اور درحقیقت تو یہ بالادستی 2002ء سے برقرار ہے۔ صرف 2008ء اور 2009ء میں جنوبی افریقہ کچھ عرصے کے لیے اول پوزیشن پر قابض ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی او ڈی آئی شیلڈ کی اہمیت اس لیے دو چند ہو جاتی ہے کیونکہ یہ عالمی کپ کا فارمیٹ ہے۔ آسٹریلیا نے 2003ء اور 2007ء میں مستقل دو عالمی کپ اس طرح جیتے کہ اس شیلڈ پر بھی ان کا قبضہ تھا۔ اور اب کیونکہ اگلا عالمی کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد ہوگا، مجھے یقین ہے کہ کلارک اور ان کی ٹیم کی نظریں اس طرز میں اپنا درجہ برقرار رکھنے پر مرکوز ہوں گی۔

ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلستان روانگی سے کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ ہم عرصے سے ایک روزہ کرکٹ میں سرفہرست پوزیشن پر قابض ہیں اور کسی بھی کنڈیشن میں کھیلنے کے لیے ایک متوازن ٹیم رکھتے ہیں۔ انگلستان کے خلاف سیریز ایک چیلنج ہے کیونکہ ایک روزہ کی نمبر ایک ٹیم ٹیسٹ کی عالمی نمبر ایک سے اس کے میدانوں پر ٹکرائے گی۔

اس موقع پر جیمز سدرلینڈ نے بھی آسٹریلیا کی ایک روزہ مقابلوں میں کارکردگی کو سراہا۔