پاک-سری لنکا اہم معرکے میں بارش فتح یاب، سیریز بدستور برابر

0 1,094

پاکستان اور سری لنکا کے پالی کیلے میں ابتدائی دونوں معرکوں میں فتوحات سمیٹ کر برتری حاصل کرنے کے ارادوں کے ساتھ کولمبو پہنچے تو یہاں بارش نے میدان کو اس طرح آ لیا کہ تیسرے ایک روزہ میں صرف 6.2 اوورز ہی کا کھیل ممکن ہو پایا اور میچ کا خاتمہ ہوگیا۔

بارش کے باعث اظہر علی میدان سے باہر جاتے ہوئے (تصویر: AFP)
بارش کے باعث اظہر علی میدان سے باہر جاتے ہوئے (تصویر: AFP)

پاکستان نے گزشتہ میچ کے ذریعے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرنے والے راحت علی کی ناقص کارکردگی کے پیش نظر اضافی بلے باز اسد شفیق کو ٹیم میں کھلایا اور شاید بیٹنگ لائن اپ میں اسی مضبوطی کے باعث ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم اس لائن اپ کا درست طریقے سے امتحان ہی نہ ہو سکا۔ راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم میں ٹاس کے بعد ہی سے بارش برسنا شروع ہو گئی تھی لیکن پھر بھی میچ بروقت شروع ہوا اور صرف ایک گیند کے بعد ہی بارش اتنی تیز ہو گئی کہ جاری رکھنا ممکن نہ ہو سکا اور سوا گھنٹے کے لیے دونوں ٹیموں کو میدان سے باہر جانا پڑا۔ اور پھر جیسے ہی مقابلہ دوبارہ شروع ہوا لاستھ مالنگا نے محمد حفیظ کو وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کروادیا۔ یوں حفیظ کی ناقص فارم کا سلسلہ بدستور جاری رہا اور آج بھی اسکور نہ کر پانا ان کے لیے تشویشناک بات ہے۔

چھٹے اوور میں نووان کولاسیکرا نے گزشتہ میچ کے ہیرو اظہر علی کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ یہ 'مشہور زمانہ' امپائر اشوکا ڈی سلوا کے ناقص فیصلوں کی طویل فہرست میں تازہ اضافہ تھا۔ گیند آف اسٹمپ سے باہر ان کے پیڈ سے ٹکرائی تھی اور مروجہ قوانین کے تحت انہیں کسی بھی طرح ایل بی ڈبلیو قرار نہیں دیا جا سکتا تھا لیکن اشوکا کی لغت میں تو ایسے بلے باز کو آؤٹ دینا ہی چاہیے جیسا کہ وہ ماضی میں کئی مرتبہ اسی طرح بیٹسمین کو آؤٹ دے چکے ہیں۔ بہرحال اس کے بعد صرف دو گیندوں ہی کا کھیل ممکن ہو سکا اور سیاہ بادلوں کے آ جانے کی وجہ سے امپائروں نے میچ روکنے کا فیصلہ کیا اور پھر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے مزید ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی۔

اب دونوں ٹیمیں 16 جون کو اسی میدان پر چوتھا ون ڈے کھیلیں گی جہاں فتح پانے والی ٹیم سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر لے گی۔