آخری ایک روزہ بارش کی نذر، سیریز انگلستان جیت گیا

0 1,030

انگلستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آخری معرکہ شدید بارش کے باعث منسوخ ہو گیا اور یوں سیریز 2-0 سے انگلستان کے نام ہی رہی جبکہ ویسٹ انڈیز کو ایک روزہ طرز میں بھی نامراد ہی لوٹنا پڑا۔

ایلسٹر کک سیریز 2-0 سے جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ (تصویر: PA Photos)
ایلسٹر کک سیریز 2-0 سے جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ (تصویر: PA Photos)

ہیڈنگلے، لیڈز میں طے شدہ تیسرا و آخری ایک روزہ موسلا دھار بارش کے باعث مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ہی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ اس سے قبل ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے تین دن بھی بارش کی نذر ہوئے تھے اور یوں ویسٹ انڈیز کے اس دورے میں کل چار ایام بارش کی بھینٹ چڑھ گئے۔

اب دونوں ٹیمیں ٹرینٹ برج میں اتوار کو واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کھیلنے کے لیے میدان میں اتریں گی جہاں ویسٹ انڈیز کو ایک فتح کے ذریعے کرنے دورے کی ناکامیوں کا ازالہ کرنے کا موقع ملے گا۔ جبکہ میزبان انگلستان کے پاس موقع ہوگا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی بھی جیت کر تینوں طرز کی سیریز اپنے نام کرے اور آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف اہم ترین معرکوں سے قبل فتوحات کو اپنی عادت بنا لیے۔

انگلستان کو اب عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کے خلاف پانچ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیلنے ہیں، جس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف سال کی سب سے شاندار سیریز انگلش سرزمین پر کھیلی جائے گی۔