علیم ڈار کا ایک اور سنگ میل

0 1,022

پاکستان کے مایہ ناز امپائر علیم ڈار ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں 150 مقابلوں میں امپائرنگ کرنے والے ساتویں امپائر بن گئے ہیں۔ لارڈز کے تاریخی میدان میں انگلستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے پہلے ایک روزہ میں انہوں نے اس اہم سنگ میل کو عبور کیا۔

علیم ڈار مسلسل تین سال سے دنیا کے بہترین امپائر کا اعزاز بھی جیت رہے ہیں (تصویر: Getty Images)
علیم ڈار مسلسل تین سال سے دنیا کے بہترین امپائر کا اعزاز بھی جیت رہے ہیں (تصویر: Getty Images)

کرک نامہ کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر آئی سی سی میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل میں شامل بھارت کے جواگل سری ناتھ نے میچ کے بعد ہونے والی ایک تقریب میں خصوصی یادگار پیش کی۔

44 سالہ پاکستانی علیم ڈار جو گزشتہ تین سالوں سے دنیا کے بہترین امپائر کا اعزاز ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی جیت رہے ہیں، فروری 200ء میں گوجرانوالہ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ مقابلہ میں پہلی بار امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔

2002ء میں ایلیٹ پینل میں شامل ہونے کے بعد انہوں نے اکتوبر 2003ء میں پہلی بار ڈھاکہ میں انگلستان و بنگلہ دیش کے درمیان مقابلے میں خدمات پیش کی۔

علیم ڈار 2003ء، 2007ء اور 2011ء کے عالمی کپ کے فائنل مقابلے میں بھی امپائرنگ کر چکے ہیں۔ 150 ایک روزہ مقابلوں کے علاوہ وہ اب تک 74 ٹیسٹ مقابلے بھی سپروائز کر چکے ہیں اور یوں طویل طرز کی کرکٹ میں بھی تجربہ کار ترین امپائروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں۔

اس یادگار موقع پر علیم ڈار نے کہا کہ مجھے 150 ایک روزہ مقابلوں کے کلب میں شمولیت پر بہت خوشی ہے کیونکہ اس میں تاریخ کے معزز ترین امپائروں کے نام ہیں۔ اور اس سنگ میل کو 'کرکٹ کے گھر' لارڈز میں حاصل کرنا، جہاں دنیائے کرکٹ کے سب سے قدیم روایتی حریف مدمقابل تھے، بذات خود ایک یادگار موقع تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے اتنے مواقع ملے اور میں سات ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ، بین الاقوامی کرکٹ کونسل اور ساتھی امپائروں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے اس عرصے میں میری مدد کی۔ اس کے علاوہ میں اپنے اہل خانہ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جو میرے حامی و مددگار ہیں۔

سب سے زیادہ ایک روزہ مقابلے کروانے والے امپائرز (بمطابق 30 جون 2012ء)

امپائر ملک دورانیہ میچز کی تعداد
روڈی کوئرٹزن جنوبی افریقہ 1992ء تا 2010ء 209
اسٹیو بکنر ویسٹ انڈیز 1989ء تا 2009ء 181
ڈیرل ہارپر آسٹریلیا 1994ء تا 2011ء 174
ڈیوڈ شیفرڈ انگلستان 1983ء تا 2005ء 172
سائمن ٹوفل آسٹریلیا 1999ء تا حال 172
بلی باؤڈن نیوزی لینڈ 1995ء تا حال 170
علیم ڈار پاکستان 2000ء تا حال 150