عالمی نمبر ایک سنگاکارا عظیم بلے بازوں میں شامل، نئے سنگ میل بھی منتظر
سری لنکا کے بلے باز کمار سنگاکارا پاکستان کے خلاف بدقسمتی سے ایک اور ڈبل سنچری تو مکمل نہ کر پائے لیکن 192 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت وہ ایک خاص کلب میں ضرور شامل ہو گئے ہیں یعنی سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے سرفہرست 10 بلے بازوں میں۔
جب سنگاکارا نے سری لنکن اننگز کے 63 ویں اوور میں سعید اجمل کی باؤلنگ پر پوائنٹ کی جانب ایک رن لے کر اپنی تیسویں سنچری مکمل کی تو وہ سنچریو ں کی تعداد میں کرکٹ تاریخ کے عظیم ترین بلے باز ڈان بریڈمین کو پیچھے چھوڑ گئے۔ بریڈمین نے اپنے کیریئر میں 29 سنچریاں بنائی تھیں جبکہ سنگاکارا کی سنچریوں کی تعداد 30 ہو گئی۔ بعد ازاں سنگاکارا ڈبل سنچری کی جانب گامزن ہوئے لیکن صرف 8 قدم کےفاصلے پر ایک ناقص شاٹ کھیل کر آؤٹ ہو گئے اور غم وغصے کے عالم میں پویلین لوٹے۔ وہ گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھی صرف ایک رن کی کمی سے اپنی ڈبل سنچری مکمل نہ کر پائے تھے۔ یوں وہ کرکٹ کی تاریخ میں تیسرے بلے باز بن گئے ہیں جو مسلسل دو ٹیسٹ میچز میں اپنی ڈبل سنچری کے قریب پہنچ کر بھی اسے حاصل نہ کرپائے۔
بہرحال، یہ تاریخی اننگز گو کہ انتہائی مایوس کن انجام کو پہنچی لیکن نہ صرف سنگاکارا کو عظیم بلے بازوں کی فہرست میں لے آئی ہے بلکہ انہیں ٹیسٹ بلے بازوں کی موجودہ درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن بھی عطا کر چکی ہے۔ سیریز کے آغاز کے وقت ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین تھے لیکن سنگاکارا کی مسلسل عمدہ بلے بازی نے چندرپال کی حکمرانی کا خاتمہ کر دیا ہے اور سنگا نے اپنا کھویا ہوا اعزاز دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔
اب 34 سالہ سنگاکارا ایک اور بہت بڑے سنگ میل کی جانب قدم بڑھا رہے ہیں یعنی 10 ہزار ٹیسٹ رنز۔ اب تک کرکٹ تاریخ میں صرف 10 بلے باز اس سنگ میل کو عبور کر پائے ہیں جبکہ سری لنکا کے صرف ایک بلے باز کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے 10 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کیے ہوں وہ ہیں موجودہ کپتان مہیلا جے وردھنے۔ اِس وقت سنگا کے ٹیسٹ رنز کی تعداد 9798 ہے جو انہوں نے 56.63 کے شاندار اوسط کے ساتھ بنائے ہیں اور اگر ان کی موجودہ فارم برقرار ہی تو عین ممکن ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف اتوار کو پالی کیلے میں شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ ہی میں یہ سنگ میل بھی عبور کر لیں۔ 30 سنچریوں کے علاوہ سنگاکارا اب تک 38 نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔
اس وقت سب سے زیادہ سنچریوں اور رنز کا ریکارڈ لیجنڈری سچن تنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 188 میچز میں 51 سنچریوں کی مدد سے 15 ہزار 470 رنز بنا رکھے ہیں۔
قارئین کی دلچسپی کے لیے ہم سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے 10 بلے بازوں کی فہرست یہاں پیش کر رہے ہیں:
بلے باز | ملک | مقابلے | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں |
---|---|---|---|---|---|---|---|
سچن تنڈولکر | 188 | 15470 | 248* | 55.44 | 51 | 65 | |
ژاک کیلس | 152 | 12379 | 224 | 56.78 | 42 | 55 | |
رکی پونٹنگ | 165 | 13346 | 257 | 52.75 | 41 | 62 | |
راہول ڈریوڈ | 164 | 13288 | 270 | 52.31 | 36 | 63 | |
سنیل گاوسکر | 125 | 10122 | 236* | 51.12 | 34 | 45 | |
برائن لارا | 131 | 11953 | 400* | 52.88 | 34 | 48 | |
اسٹیو واہ | 168 | 10927 | 200 | 51.06 | 32 | 50 | |
مہیلا جے وردھنے | 132 | 10517 | 374 | 50.80 | 31 | 42 | |
میتھیو ہیڈن | 103 | 8625 | 380 | 50.73 | 30 | 29 | |
کمار سنگاکارا | 110 | 9798 | 287 | 56.63 | 30 | 38 |