گریگ چیپل کا نیا تنازع؛ ڈریوڈ کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے

0 1,123

بھارت کی کرکٹ تاریخ میں سب سے متنازع غیر ملکی کوچ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے گریگ چیپل رہے ہیں اور ان کے دور کے حوالے سے جس قدر باتیں کی جاتی ہیں، اتنی ”شہرت“ بھارت کے کسی کوچ کو کبھی حاصل نہیں ہوئی، بہرحال ’بدنام جوں ہوں گے تو کیا نام نہ ہوگا‘۔ گریگ چیپل بھی دھن کے پکے ہیں اور وقتاً فوقتاً چوٹ مارتے رہتے ہیں اور اب تو انہوں نے راہول ڈریوڈ کے حوالے سے لکھی گئی نئی کتاب سے ہندوستانی کرکٹ میں ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ ’راہول ڈریوڈ – ٹائم لیس اسٹیل‘ نامی کتاب، جس میں گریگ کے علاوہ ڈریوڈ کے بارے میں دیگر لکھاریوں کے 30 مضامین بھی شامل ہیں، میں ان کا لکھنا ہے کہ اگر بھارت کے بلے باز راہول ڈریوڈ کو ٹیم کے اراکین کی جانب سے ویسی ہی تائید و حمایت ملتی، جیسی کہ وہ اپنے کپتانوں کو دیتے رہے، تو وہ ملکی تاریخ کے سب سے کامیاب کپتان اور بلے باز ہوتے۔ ”ڈریوڈ نے بھارت کو کئی فتوحات دلائیں لیکن ٹیم کے چند اراکین نے ان کی کامیابیوں کو تہہ دل سے قبول نہ کیا۔“

راہول ڈریوڈ خود پر لکھی گئی کتاب 'ٹائم لیس اسٹیل' کے ساتھ (تصویر: ESPNcricinfo Ltd)
راہول ڈریوڈ خود پر لکھی گئی کتاب 'ٹائم لیس اسٹیل' کے ساتھ (تصویر: ESPNcricinfo Ltd)

گریگ چیپل نے لکھا ہے کہ بدقسمتی سے ٹیم کی کامیابیاں تمام اراکین کو ہضم نہیں ہوتی تھیں اور چند کھلاڑی تو راہول کے خلاف تھے۔ اگر انہیں کھلاڑیوں کی جانب سے ویسا ہی سہارا ملتا، جیسا کہ انہوں نے دیگر کپتانوں کو دیا، تو بھارت کی حالیہ کرکٹ تاریخ ہی آج تبدیل ہوتی اور راہول ہندوستان کی تاریخ کے سب سے کامیاب کپتان ہوتے۔

راہول ڈریوڈ، جنہیں آج ہی بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز ’راجیو گاندھی کھیل رتن‘ سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

بھارت کی کوچنگ کے دوران گریگ چیپل کے راہول ڈریوڈ کے ساتھ اچھے اور بعد میں آنے والے کپتان سارو گانگلی کے ساتھ تلخ تعلقات کی خبریں اب کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں اور گریگ نے کتاب میں اس طرح کی باتیں کر کے گویا سارو پر براہ راست الزامات لگائے ہیں کہ وہ اور دیگر چند کھلاڑی بجائے راہول کی مدد کرنے اور ملکی مفادات کو عزیز رکھنے کے اپنی ذات کو مقدم رکھتے تھے۔

یہی وجہ ہے کہ سابق سارو گانگلی چیپل کے دعووں پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا نہیں خیال کہ ان کے خیالات مجھے ڈریوڈ کا مخالف ثابت کرتے ہیں۔ وہ جو چاہیں لکھیں، لیکن میں گریگ چیپل کے بارے میں مزید کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔