ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: 30 رکنی پاکستانی دستے کا اعلان، کامران اکمل بھی شامل

0 1,014

پاکستان نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء (عرفِ عام ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ) کے لیے اپنے 30 رکنی ابتدائی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں توقعات، اور ’خدشات‘، کے عین مطابق وکٹ کیپرکامران اکمل بھی شامل ہیں حالانکہ انہیں ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹیگریٹی کمیٹی کی جانب سے کھیلنے کا باضابطہ پروانہ جاری نہیں ہوا ہے۔

ابتدائی دستے میں عمران نذیر بھی شامل ہیں، اگر وہ حتمی دستے کا بھی حصہ بنے تو ممکنہ طور پر ان کا یہ آخری موقع ہوگا (تصویر: AFP)
ابتدائی دستے میں عمران نذیر بھی شامل ہیں، اگر وہ حتمی دستے کا بھی حصہ بنے تو ممکنہ طور پر ان کا یہ آخری موقع ہوگا (تصویر: AFP)

رواں سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ستمبر کے مہینے میں سری لنکا میں منعقد ہوگا، جہاں انگلستان اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا، جبکہ پاکستان 2010ء میں ویسٹ انڈین سرزمین پر آسٹریلیا کے ہاتھوں افسوسناک شکست کا داغ اتارنے کی کوشش کرے گا۔ پاکستان نے بدھ کو سال کے اس اہم ترین ٹورنامنٹ کے لیے جس 30 رکنی ابتدائی دستے کو منتخب کیا ہے اس میں کامران اکمل کے علاوہ آل راؤنڈر عبد الرزاق اور اوپنر عمران نذیر بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے اعتراف کیا کہ ”گزشتہ سال کامران اکمل کو نکالے جانے کے بعد سے اب تک وکٹ کیپرز کو آزمایا گیا لیکن کوئی تجربہ کامیاب نہیں ہو سکا“۔ عالمی کپ 2011ء کے بعد سے قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی سے محروم کامران اکمل کو چند ماہ قبل کہا گیا تھا کہ وہ انٹیگریٹی کمیٹی کی جانب سے اجازت کے بعد ہی قومی ٹیم میں شامل کیے جا سکتے ہیں اور فیصلہ آنے سے قبل ہی ان کی شمولیت سے اندازہ ہوتا ہے کہ کمیٹی کی جانب سے انہیں کلیئر قرار دے گی اور اس کی جانب خود اقبال قاسم نے بھی اشارہ کیا کہ ”ہمیں ایسے وکٹ کیپر کی ضرورت ہے جو وکٹوں کے پیچھے ذمہ داری سنبھالنے کے ساتھ ساتھ تیزی سے رنز بھی بنا سکے اور اس معیار پر صرف کامران پورا اترتے ہیں۔ انہوں نے اس پورے عرصے میں خود کو فٹ بھی رکھا ہوا ہے اور سب سے اہم بات یہ کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کلیئر بھی قرار دیا گیا ہے۔“

انہوں نے عمران نذیر اور عبد الرزاق کی شمولیت کے حوالے سے کہا کہ ”عمران ایک عمدہ فیلڈر اور ایک زبردست بیٹسمین ہے اور اب تک ڈومیسٹک کرکٹ میں معقول کارکردگی دکھاتا آیا ہے جبکہ رزاق ایک کارآمد کھلاڑی ہے لیکن حتمی دستہ کوچ اور کپتان کے منصوبے کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔“

اس کے علاوہ دستے کا حصہ بننے والے دیگر ناموں میں وہاب ریاض، اویس ضیاء اور رضا حسن بھی شامل ہیں جبکہ حیران کن طور پر عمران فرحت ابتدائی دستے کا بھی حصہ نہیں ہیں۔

پاکستان ممکنہ طور پر اپنے نئے ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ کی قیادت میں ہی یہ عالمی ٹورنامنٹ کھیلے گا جو 18 ستمبر کو ہمبنٹوٹا میں پہلے میچ سے شروع ہوگا جبکہ پاکستان اپنا پہلا مقابلہ 23 ستمبر کو پالی کیلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ گروپ میں ان دونوں ٹیموں کے علاوہ تیسری ٹیم بنگلہ دیش کی ہوگی۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کے لیے اعلان کردہ قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی (بلحاظ حروف تہجی):

محمد حفیظ (کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، اعزاز چیمہ، انور علی، اویس ضیاء، جنید خان، حارث سہیل، حماد اعظم، خالد لطیف، رضا حسن، رمیز راجہ، سرفراز احمد، سعید اجمل، سہیل تنویر، شاہد آفریدی، شاہزیب حسن، شرجیل خان، شعیب ملک، شکیل انصر، عبد الرحمٰن، عبد الرزاق، عمر اکمل، عمر گل، عمران نذیر، کامران اکمل، محمد سمیع، ناصر جمشید، وہاب ریاض اور یاسر عرفات۔