ٹیسٹ ٹیموں کی نئی عالمی درجہ بندی، آسٹریلیا پانچویں نمبر پر
ایشیز سیریز 2010-2011ء میں انگلستان کے ہاتھوں آسٹریلیا کی ہزیمت نے اسے ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی (رینکنگ) میں پانچویں نمبر پر پہنچادیا ہے۔ سڈنی میں کھیلے گئے پانچویں ٹیسٹ میں انگلستان کی اننگ سے فتح کے بعد سیریز میں 3-1 کی شکست نے آسٹریلیا کو درجہ بندی میں مزید نیچے کر دیا ہے اور وہ تین درجہ تنزلی کے بعد سری لنکا سے بھی پیچھے چلا گیا ہے۔ جبکہ بھارت اور جنوبی فاریقہ کے درمیان 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کی درجہ بندی میں کوئی واضح فرق نہیں ہوا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ ٹیسٹ ٹیموں کی حالیہ درجہ بندی میں بھارت 128 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر قابض ہے جبکہ جنوبی افریقہ 117 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ ایشیز فاتح انگلستان 115 پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ کی تیسری بہترین ٹیم قرار پائی۔ اس کے بعد چوتھے نمبر پر سری لنکا 109 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے۔ دو پوائنٹس کے فرق یعنی 107 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا پانچویں نمبر پر ہے۔ جبکہ پاکستان، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ بالترتیب 88، 85 اور 80 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی، ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے دمیان 8 پوائنٹس کا فرق ہے جو موجودہ سیریز کے فیصلہ کن نتیجہ کی صورت میں دونوں ٹیموں کی عالمی ٹیسٹ درجہ بندی میں بڑی تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔ پاکستان کو 2-0 سے شکست دینے کی صورت میں نیوزی لینڈ پاکستان سے چھٹی پوزیشن چھین کر اسے آٹھویں نمبر پر پہنچا سکتا ہے۔