جنوبی افریقہ کی نظریں ”آل راؤنڈ نمبر ون“ بننے پر

0 1,010

جنوبی افریقہ جس سنہرے موقع کی منتظر تھی، وہ بالآخر آن پہنچا ہے کہ وہ کل سے شروع ہونے والی ایک روزہ سیریز میں انگلستان کو شکست دے کر تاریخ کی پہلی کرکٹ ٹیم بن جائے جو تینوں طرز کی کرکٹ میں نمبر ون پوزیشن کی حامل ہو۔ جنوبی افریقہ نے چند روز قبل انگلستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 2-0 کی شاندار فتح کے بعد ٹیسٹ میں بھی سرفہرست جگہ سنبھالی ہے جبکہ وہ پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی طرز میں دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیم تھی لیکن اب اس کی نظریں 5 ایک روزہ مقابلوں پر مرکوز ہیں جہاں کسی بھی مارجن سے فتح نہ صرف انہیں ون ڈے کی بہترین ٹیم بنا دے گی بلکہ وہ ”آل راؤنڈ نمبر ون“ بھی کہلائے گی۔

جنوبی افریقہ نے جاری مہینے اگست میں ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میں سرفہرست پوزیشنوں پر قبضہ کیا ہے، اب ایک روزہ کی باری ہے (تصویر: Getty Images)
جنوبی افریقہ نے جاری مہینے اگست میں ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میں سرفہرست پوزیشنوں پر قبضہ کیا ہے، اب ایک روزہ کی باری ہے (تصویر: Getty Images)

ایک روزہ کرکٹ کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق جنوبی افریقہ اور انگلستان کے پوائنٹس گو کہ 121 پر برابر ہی ہیں لیکن اعشاریہ کے معمولی فرق سے انگلستان کو پروٹیز پر برتری حاصل ہے جس کے خاتمے کے لیے جنوبی افریقہ کو آئندہ سیریز میں میزبان ٹیم پر لازماً قابو پانا ہوگا۔ اگر جنوبی افریقہ یہ سیریز 3-2 سے جیتتا ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 128 ہو جائے گی جبکہ انگلستان پہلی پوزیشن سے تو محروم ہوگا ہی لیکن دوسری پوزیشن کا بھی نہ رہے گا اور 115 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلا جائے گا۔ اگر معاملہ الٹ ہو، یعنی اسی مارجن سے انگلستان جنوبی افریقہ کو زیر کر لے تو وہ ایک پوائنٹ ملنے کے باعث اپنی پوزیشن کو مستحکم کرلے گا جبکہ جنوبی افریقہ 119 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلا جائے گا۔ یعنی انگلستان یا جنوبی افریقہ دونوں کے سیریز جیتنے کے نتیجے میں فائدہ بھارت کو ملے گا جسے دوسری پوزیشن ملے گی۔

انگلستان نے رواں ماہ کے اوائل ہی میں ایک روزہ کرکٹ میں سرفہرست پوزیشن حاصل کی ہے جب بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی سالانہ اپ ڈیٹ کے نتیجےمیں آسٹریلیا کی محدود اوورز کی کرکٹ پر طویل بادشاہت کا خاتمہ ہوا۔ مذکورہ اپ ڈیٹ میں انگلستان کو یہ فائدہ تو ضرور حاصل ہوا لیکن وہ مذکورہ بالا اعزاز سے محروم ہو گیا کیونکہ وہ ٹی ٹوئنٹی میں سرفہرست پوزیشن گنوا بیٹھا جس پر جنوبی افریقہ کو ترقی ملی تھی۔ یوں انگلستان جو ممکنہ طور پر تینوں طرز میں نمبر ون پوزیشن حاصل کر سکتا تھا، کی جگہ جنوبی افریقہ کو سنہرا موقع ملا ہے کہ وہ یہ تاریخی اعزاز اپنے نام کرے۔

انگلستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ایک روزہ سیریز کا باضابطہ آغاز کل (جمعہ 24 اگست) سے کارڈف میں ہو رہا ہے جبکہ آخری مقابلہ 5 ستمبر کو ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں ہوگا۔