آئی سی سی ”ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر“ 2012ء کا اعلان

4 1,031

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے سال بھر کے بہترین ٹیسٹ کھلاڑیوں پر مشامل "ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر" کا اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستان کے سعید اجمل بھی شامل ہیں۔ یہ ٹیم ویسٹ انڈیز کےسابق عظیم بلے باز کلائیو لائیڈ کی زیر صدارت ایک خصوصی سلیکشن پینل نے منتخب کی جبکہ ٹیم کا اعلان آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے ایک خصوصی میڈیا کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر آئی سی سی ایوارڈز 2012ء کے لیے حتمی امیدواروں کی فہرست بھی جاری کی گئی۔ یہ تقریب ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء سے قبل 15 ستمبر کو کولمبو میں منعقد ہوگی۔

مائیکل کلارک کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے (تصویر: Getty Images)
مائیکل کلارک کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے (تصویر: Getty Images)

آئی سی سی کی جانب سے کرک نامہ کے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اعلان کردہ دستے میں 6 ممالک کے 12 کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی ہے اور سب سے خاص بات یہ کہ جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹیٹ مسلسل پانچویں اس سال دستے کا حصہ بنے ہیں۔ ان کے ہم وطن ہاشم آملہ اور ژاک کیلس اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا مسلسل تیسرے سال جبکہ انگلستان کے ایلسٹر کک اور اسٹورٹ براڈ مسلسل دوسرے سال اس ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

آسٹریلیا کے موجودہ کپتان مائیکل کلارک کو اس ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔

اس موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ "منتخب کھلاڑی اپنی کامیابیوں پر فخر محسوس کر سکتے ہیں اور بلاشبہ وہ اِس دور کے عظیم ترین کھلاڑی کی حیثیت سے تسلیم کیے گئے ہیں۔ اس سال کھیلی گئی ٹیسٹ کرکٹ کا معیار بہت ہی اعلیٰ تھا اور اسے منتخب کرنے والے کمیٹی اراکین بھی داد کے مستحق ہیں۔"

سلیکشن پینل کے چیئرمین کلائیو لائیڈ نے کہا کہ "کثیر تعداد میں لائق کھلاڑیوں میں سے ایک ٹیسٹ ٹیم کا فیصلہ کرنا ہمیشہ بہت مشکل کام ہوتا ہے۔ ٹیم ایک مرتبہ پھر مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی حامل ہے اور ساتھ ساتھ تیز اور اسپن گیند بازوں کاایسا امتزاج ہے جو کسی بھی بیٹنگ لائن اپ کو ڈھیر کر سکتی ہے۔ کمیٹی کے اراکین نے اعداد و شمار کے علاوہ حریف ٹیم، وکٹ اور میچ کی صورتحال اور دیگر عناصر کا بھی جائزہ لینے کے لیے یہ انتخاب کیا ہے۔ لیکن عالمی معیار کے کئی کھلاڑیوں میں سے جب بھی آپ کو صرف 12 کا انتخاب کرنے کا کہا جائے گا تو لازمی امر ہے کہ چند کھلاڑی رہ جائیں گے۔"

اس پینل میں کلائیو لائیڈ کے ساتھ سری لنکا کے سابق کپتان مارون اتاپتو، انگلستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان کلیئر کونر، سابق ویسٹ انڈین آل راؤنڈر کارل ہوپر اور آسٹریلیا کے عالمی کپ فاتح کھلاڑی ٹام موڈی شامل تھے۔

آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے ہر سال اعلان کردہ دو ٹیموں میں سے ایک ہوتی ہے۔ دوسری ٹیم یعنی "او ڈي آئی ٹیم آف دی ایئر" کا اعلان آئی سی سی ایوارڈز کی تقریب سے ایک روزہ پہلے کیا جائے گا۔

اس سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء سے قبل 15 ستمبر کو کولمبو میں منعقد ہوں گے۔

اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

ایلسٹر کک (انگلستان)، ہاشم آملہ (جنوبی افریقہ)، کمار سنگاکارا (سری لنکا)، ژاک کیلس (جنوبی افریقہ)، مائیکل کلارک (آسٹریلیا، کپتان)، شیونرائن چندرپال (ویسٹ انڈیز)، میٹ پرائیر (انگلستان، وکٹ کیپر)، اسٹورٹ براڈ (انگلستان)، سعید اجمل (پاکستان)، ویرنن فلینڈر (جنوبی افریقہ)، ڈیل اسٹین (جنوبی افریقہ) اور بارہویں کھلاڑی: ابراہم ڈی ولیئرز (جنوبی افریقہ)۔