پاکستان کا کامران اکمل کو نہ کھلانے پر غور
نیوزی لینڈ کے خلاف بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر کامران اکمل کو اگلے گروپ میچز میں نہ کھلانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف گروپ 'اے' کے اہم میچ میں کامران اکمل وکٹوں کے پیچھے تین مرتبہ گیند پکڑنے میں ناکام رہے۔ جن میں سنچری اسکور کرنے والے کھلاڑی روز ٹیلر کے چھوڑے جانے والے دو کیچ بھی شامل تھے۔ کامران اکمل نے روز ٹیلر کا پہلا کیچ اس وقت چھوڑا جب وہ صفر کے انفرادی اسکور پر کریز پر موجود تھے. بعد ازاں چار کے انفرادی اسکور پر روز ٹیلر کو نئی زندگی ملی جب کامران اکمل نے ان کا ایک اور آسان کیچ گرا دیا تھے۔
اس سے پہلے وہ سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں بھی دو مرتبہ اسٹمپ کرنے کے مواقع گنوا چکے ہیں جس کی بدولت سری لنکا جو بڑے مارجن سے شکست کھا رہا تھا، محض 11 رنز سے ہارا۔ جس سے پاکستان پوائنٹس ٹیبل میں اچھا رن ریٹ حاصل کرنے سے محروم رہا۔
کامران اکمل وکٹ کیپنگ کے علاوہ بیٹنگ میں بھی آؤٹ آف فارم ہیں. انہوں نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران اوسطاً 30 سے بھی کم رنز اسکور کیے ہیں۔
پاکستان کامران اکمل کی جگہ ان کے چھوٹے بھائی عمر اکمل سے وکٹ کیپنگ کروانے پر غور کر رہا ہے جنہوں نے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف چند میچز میں وکٹوں کے پیچھے فرائض انجام دیے تھے۔
معروف نجی ٹیلی وژن چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ عمر اکمل کو وکٹ کیپر بنانے کا آپشن زیر غور ہے اور اگلے میچ میں اسے استعمال کر سکتے ہیں۔ البتہ انہوں نے کامران اکمل کی بطور بلے باز شمولیت کو خارج از امکان قرار نہیں دیا۔ شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اگلے میچ تک کے لیے پانچ دن باقی ہیں، تو اس دوران ٹیم کے لیے جو بہتر ہوگا ہم اس کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ کامران اکمل عالمی کپ میں شرکت کرنے والے پاکستانی دستہ میں شامل واحد اسپیشلسٹ وکٹ کیپر ہیں۔ حالیہ مقابلوں میں انتہائی ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد ان کا مستقبل مخدوش ہوتا نظر آرہا ہے۔