آئی سی سی ”ون ڈے ٹیم آف دی ایئر“ کا اعلان

1 1,023

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اعزازات کی سالانہ تقریب سے قبل سال کے بہترین ون ڈے کھلاڑیوں پر مشتمل 'ایک روزہ ٹیم' کا بھی اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت مسلسل پانچویں سال بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو سونپی گئی ہے۔

شاہد آفریدی وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر سال کے بہترین ایک روزہ کھلاڑیوں کی ٹیم میں شامل (تصویر: Reuters)
شاہد آفریدی وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر سال کے بہترین ایک روزہ کھلاڑیوں کی ٹیم میں شامل (تصویر: Reuters)

2011-12ء میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں جگہ پانے والے 12 کھلاڑیوں میں پاکستان کے شاہد خان آفریدی اور سعید اجمل بھی شامل ہیں۔ سعید اجمل چند ہفتے قبل اعلان کردہ 'سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم' کا بھی حصہ تھے جبکہ شاہد آفریدی بحیثیت آل راؤنڈر ماضی میں بھی اس ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں لیکن گزشتہ سال اس ٹیم میں واحد پاکستانی عمر گل تھے۔

ٹیم میں بھارت کے دھونی کے علاوہ ان کے ہم وطن ویراٹ کوہلی اور گوتم گمبھیر شامل ہیں جبکہ انگلستان کے کپتان ایلسٹر کک اور گیند باز اسٹیون فن، سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور تیز باؤلر لاستھ مالنگا، آسٹریلیا کے مائیکل کلارک اور جنوبی افریقہ کے مورنے مورکل شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا ہی کے شین واٹسن بارہویں کھلاڑی ہیں۔

سعید اجمل کے علاوہ کک، سنگاکارا اور کلارک بھی سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ اجمل، کوہلی اور فن پہلی بار ایک روزہ ٹیم میں شمولیت کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

سال کے بہترین ایک روزہ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان آئی سی سی کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب سے محض ایک دن قبل کیا گیا ہے۔ تقریب ہفتہ 15 ستمبر کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں منعقد ہوگی جہاں محض چند روز بعد ٹی ٹوئنٹی کا عالمی ٹورنامنٹ "ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء" شروع ہونے جا رہا ہے۔ ٹیم کا انتخاب ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بلے باز کلائیو لائیڈ اور ان کے ہم وطن کارل ہوپر کے علاوہ سری لنکا کے مارون اتاپتو، آسٹریلیا کے ٹام موڈی اور برطانیہ کی خواتین ٹیم کی سابق کپتان کلیئر کونر پر مشتمل ایک کمیٹی نے کیا۔ اسی پینل نے ٹیسٹ ٹیم کو بھی منتخب کیا تھا۔

حیران کن طور پر اس وقت ایک روزہ کے نمبر ایک بلے باز ہاشم آملہ اور ان کے ہم وطن کپتان ابراہم ڈی ولیئرز اس ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے جس کی وجہ غالباً 4 اگست 2011ء سے 6 اگست 2012ء کے انتخابی عرصے کے دوران جنوبی افریقہ کا بہت کم ایک روزہ میچز کھیلنا ہے۔ بہرحال، اب تمام نظریں کل کی تقریب پر مرکوز ہیں جہاں سال کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو کئی اعلیٰ اعزازات سے نوازا جائے گا۔

سال کی بہترین ایک روزہ ٹیم:

گوتم گمبھیر، ایلسٹر کک، کمار سنگاکارا، ویراٹ کوہلی، مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، مائیکل کلارک، شاہد آفریدی، مورنے مورکل، اسٹیون فن، لاستھ مالنگا، سعید اجمل اور شین واٹسن (بارہویں کھلاڑی)۔