ٹیسٹ میچز کے بہترین بیٹسمین و بالرز

2 1,036

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ٹیسٹ میچز کے بہترین بیٹسمین اور بالرز کی عالمی درجہ بندی (رینکنگ) جاری کردی گئی ہے۔ بیٹسمین کی حالیہ درجہ بندی میں بھارت کے ماسٹر بلاسٹر سچل ٹنڈولکر 883 پوائنٹس کے ساتھ نمبر 1 کی پوزیشن پر موجود ہیں لیکن اس بار جنوبی افریقہ کے مرد میدان ژاک کیلس بھی مساوی پوائنٹس کے ساتھ اسی پوزیشن پر موجود ہیں۔ ژاک کیلس نے بھارت کے خلاف سیریز میں کئی بار جنوبی افریقہ کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو سہارا دیا۔ اس شاندار کارکردگی پر انہیں مین آف دی سیریز قرار دیا اور وہ درجہ بندی میں 77 پوائنٹس اضافہ سے چار درجہ ترقی کر گئے۔ ان دونوں کے بعد نمبر آتا ہے سری لنکا کے بیٹسمین کمار سنگاکارا کا جن کے 882 پوائنٹس ہیں۔ عالمی درجہ بندی مین سنگاکارا کے بعد موجود ہیں ایشیز 2010-11ء کی فاتح ٹیم انگلستان کے دو اہم بیٹسمین جوناتھن ٹروٹ اور ایلسٹر کک۔ دونوں کے بالترتیب 826 اور 803 پوائنٹس ہیں۔

اب بات کی جائے ٹیسٹ میچز کے بہترین بالرز کی فہرست میں شامل بالرز کی تو ان میں پہلی پوزیشن پر جنوبی افریقی ٹیم کے پیس اٹیک کے اہم رکن ڈیل اسٹین 899 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔ دوسرے نمبر پر ایشیز میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والے انگلستان کے اسپن بالر گریم سوان 793 پوائنٹس کے ہمراہ موجود ہیں جبکہ ان کے ساتھی جیمز اینڈرسن 776 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ فہرست میں چوتھا نمبر جنوبی افریقہ کے فاسٹ بالر مورن مورکل کا ہے جن کے پوائنٹس کی تعداد 751 ہے۔ اس کے بعد بھارت کے فاسٹ بالر ظہیر خان ہیں جن کے پوائنٹس کی تعداد 748 ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ دس بہترین بیٹسمین کی عالمی درجہ بندی میں کوئی پاکستانی کھلاڑی موجود نہیں۔ البتہ دس بہترین بالرز کی فہرست میں دو پاکستانی فاسٹ بالرز محمد آصف چھٹی اور محمد عامر دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ بہترین ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس موجود ہیں۔