ویسٹ انڈیز عالمی اعزاز کا طویل انتظار ختم کرنے کا خواہاں

0 1,029

ویسٹ انڈیز گزشتہ ایک دہائی سے بین الاقوامی سطح پر اک 'عضوِ معطل' کی طرح نظر آئی ہے۔ کسی زمانے میں ڈیڑھ دو دہائیوں تک دنیائے کرکٹ پر راج کرنے والے جزائر غرب الہند کے کھلاڑی اب کسی عالمی اعزاز کے شدت سے منتظر دکھائی دیتے ہیں اور ان کے کپتان ڈیرن سیمی کا ماننا ہے کہ وہ ٹیم کے اندر ایسا ماحول تخلیق کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جو عالمی اعزاز کے طویل انتظار کے خاتمے میں مدد دے سکتا ہے۔

ڈیرن سیمی اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹرافی اپنے ساتھ لے جانا چاہتے ہیں (تصویر: AP)
ڈیرن سیمی اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹرافی اپنے ساتھ لے جانا چاہتے ہیں (تصویر: AP)

ویسٹ انڈیز نے آخری مرتبہ 2004ء میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی اور اس کے بعد سے عالمی سطح کا کوئی قابل ذکر ٹورنامنٹ نہیں جیت پایا۔ اب جبکہ سری لنکا میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کا اہم ترین مرحلہ سپر 8 شروع ہو چکا ہے اور ویسٹ انڈیز، جسے کئی ماہرین فیورٹ قرار دے رہے ہیں، دفاعی چیمپئن انگلستان کو ایک زبردست شکست بھی دے چکا ہے، ڈیرن سیمی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ساتھ لے جانا چاہتے ہیں۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ "جب ہم اپنے ملک سے نکلے تھے تو سودا ہم سب کے سروں پر سمایا ہوا تھا، وہ اپنے پرستاروں کے لیے اس ٹورنامنٹ کا جیتنا تھا۔ گزشت دہائی ہمارے لیے بہت مشکل تھی۔ ہم نے آخری مرتبہ 2004ء میں کوئی قابل ذکر اعزاز حاصل کیا تھا۔ اب ہمارے کچھ کر دکھانے کا پاس بہترین موقع ہے ۔ ہم ہر مقابلے کو جداگانہ حیثیت دے کر کھیل رہے ہیں اور بحیثیت ٹیم اچھی کارکردگی پیش کر رہے ہیں۔"

اب ویسٹ انڈیز کا ٹاکرا آج شام 7 بجے میزبان سری لنکا سے ہوگا، جس کے پاس مہیلا جے وردھنے، کمار سنگاکارا اور تلکارتنے دلشان جیسے جانے مانے کھلاڑی ہیں اور سیمی کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف کھیلنا ایک چیلنج ضرور ہے لیکن وہ اس کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔