انگلستان کو دوسرا دھچکا، اسٹورٹ براڈ عالمی کپ سے باہر

1 1,028

عالمی کپ میں انگلستان کو دوسرا بہت بڑا دھچکا پہنچا ہے جن کے ان فارم فاسٹ باؤلر اسٹورٹ براڈ زخمی ہو کر عالمی کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

اسٹورٹ براڈ (فا ئل فوٹو)

جنوبی افریقہ کے خلاف گروپ کے اہم ترین میچ میں فیصلہ کن کارکردگی دکھانے والے اسٹورٹ براڈ سائیڈ اسٹرین کے باعث اب عالمی کپ نہیں کھیل پائیں گے۔ براڈ اب وطن واپس جائیں گے جہاں ان کی انجری کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے میڈیکل آفیسر نک پیئرس کے مطابق یہ انجری ان کی پیٹ کے پٹھوں میں کھنچاؤ سے علیحدہ ہے، جس کے باعث وہ دورۂ آسٹریلیا میں ایشز کے تین ٹیسٹ نہیں کھیل پائے تھے۔ اسٹورٹ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے بعد کچھ تکلیف محسوس کر رہے تھے اور ابتدائی جائزے کے ممطابق ان کے بائیں پہلو میں تناؤ ہے۔

انگلستان پہلے ہی اپنے اہم بلے باز کیون پیٹرسن سے محروم ہو چکا ہے جو ہرنیا کی تکلیف کے باعث وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ ان کی جگہ ایون مورگن کو ٹیم میں طلب کیا گیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اسٹورٹ براڈ کا نقصان کہیں زیادہ بڑا ہوگا۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف انگلستان کے محض 171 رنز کے کامیاب دفاع میں اہم ترین کردار ادا کیا اور اولین دو کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ آخری دو کھلاڑیوں کو شکار کر کے انگلستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔

انگلستان نے ابھی تک ان کے متبادل کھلاڑی کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن اندازہ یہی ہے کہ بطور بیک اپ دستے میں شامل کرس ٹریملٹ ہی ان کی جگہ لیں گے۔