دورۂ آسٹریلیا کے لیے جنوبی افریقی دستے کا اعلان

0 1,027

جنوبی افریقہ نے دورۂ آسٹریلیا کے لیے اپنے ٹیسٹ دستے کا اعلان کر دیا ہے، جو اگلے ماہ بحر ہند کے اُس پار عالمی نمبر ایک کی حیثیت سے پہلے بڑے امتحان سے گزرے گا۔

جنوبی افریقہ نے ماہِ اگست میں انگلستان کو زیر کر کے ٹیسٹ میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کی (تصویر: Getty Images)
جنوبی افریقہ نے ماہِ اگست میں انگلستان کو زیر کر کے ٹیسٹ میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کی (تصویر: Getty Images)

9 نومبر کو گابا، برسبین میں پہلے ٹیسٹ سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے جنوبی افریقہ نے تقریباً انہی کھلاڑیوں پر بھروسہ کیا ہے جنہوں نے حال ہی میں انگلستان سے اسی کی سرزمین پر نمبر ایک پوزیشن چھینی ہے۔ البتہ دو نوجوانوں کو ضرور موقع دیا گیا ہے جن میں روری کلین ویلٹ اور مرچنٹ دے لانگے شامل ہیں جبکہ طویل طرز کی کرکٹ میں غیر متاثر کن کارکردگی کے باعث لونوابو سوٹسوبے کو باہر بٹھا دیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کی سلیکشن کمیٹی کے کنوینر اینڈریو ہڈسن کے مطابق روری کو شامل کرنے کا مقصد باؤلنگ کے ساتھ ساتھ زیریں بیٹنگ آرڈر میں ان کی بلے بازی کی صلاحیتوں کے باعث بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے چار روزہ قومی سیزن میں ویرنن فلینڈر کے بعد سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں، اور یہ کارکردگی ہی ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

جنوبی افریقہ کا دستہ 27 اکتوبر کو آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوگا، جہاں وہ دو نومبر سے آسٹریلیا 'اے' کے خلاف سہ روزہ مقابلہ کھیلے گا۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (نام بلحاظِ حروف تہجی):

گریم اسمتھ (کپتان)، ابراہم ڈی ولیئرز، الویرو پیٹرسن، تھامی سولی کیلے، ڈیل اسٹین، روبی پیٹرسن، روری کلین ویلٹ، ژاک روڈلف، ژاک کیلس، ژاں پال دومنی، عمران طاہر، فرانکو دو پلیسے، مورنے مورکل، ویرنن فلینڈر اور ہاشم آملہ۔