پاکستان کرکٹ بورڈ کا مرکزی معاہدوں کا اعلان، کامران اکمل بھی شامل

1 1,030

پاکستان نے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود وکٹ کیپر کامران اکمل سمیت 7 کھلاڑیوں کے ساتھ زمرہ اول (کیٹگری 'اے') کے ششماہی معاہدے کا اعلان کر دیا ہے۔

کامران اکمل

امران اکمل نے گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف عالمی کپ 2011ء کے اہم میچ میں تین آسان کیچز چھوڑ کر حریف ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ اس سے قبل سری لنکا کے خلاف میچ میں بھی انہوں نے اسٹمپ کرنے کے دو آسان مواقع ضایع کیے۔ جنوری 2010ء میں دورۂ آسٹریلیا میں ان کی بدترین کارکردگی نے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کر دیا۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں کچھ عرصہ ٹیم سے بھی نکالا گیا۔ دوسری جانب اسپاٹ فکسنگ کے معاملے میں بھی ان کا نام مشکوک رہا جس کی وجہ سے انہیں کلیئرنس نہ ملنے کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ البتہ بعد ازاں انہیں کلیئر قرار دیا گیا اور عالمی کپ کے دستے کا بھی حصہ بنایا گیا۔ اب بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود انہیں زمرہ اول کے معاہدے سے نوازا گیا ہے۔

زمرہ اول کے لیے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں شعیب اختر اور یونس خان بھی شامل ہیں، جن کے ساتھ گزشتہ سال مرکزی معاہدہ (سینٹرل کانٹریکٹ) نہیں کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال زمرہ اول کا معاہدہ حاصل کرنے والے دنیش کنیریا اور شعیب ملک سے اس سال کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔

جن کھلاڑیوں کو کسی بھی زمرے میں معاہدے سے نہیں نوازا گیا ان میں محمد یوسف، عمران فرحت، فیصل اقبال، سہیل تنویر اور فواد عالم شامل ہیں۔

مصباح الحق کے لیے پچھلا سال بہت یادگار رہا۔ آسٹریلیا کے تباہ کن دورے کے بعد ایسا لگتا تھا وہ ٹیم سے ہمیشہ کے لیے باہر ہو گئے ہیں لیکن نہ صرف انہیں واپس بلایا گیا بلکہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی سونپی گئی جس میں وہ سرخرو نکلے اور انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز برابر کرنے کےعلاوہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں فتح بھی حاصل کی۔ اس کامیاب سال پرانہیں زمرہ دوم سے زمرہ اول میں ترقی دی گئی ہے۔

زمرہ سوم میں احمد شہزاد اور اسد شفیق سے معاہدہ کیا گیا ہے۔ یہ دونوں کھلاڑی عالمی کپ 2011ء میں شریک دستے کا حصہ ہیں۔

زمرہ سوم کے دیگر قابل ذکر کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر عدنان اکمل، فاسٹ باؤلر تنویر احمد اور جنید خان شامل ہیں۔

جن کھلاڑیوں سے معاہدہ کیا گیا:

زمرہ اول: یونس خان، مصباح الحق، شاہد آفریدی، عبد الرزاق، کامران اکمل، عمر گل اور شعیب اختر

زمرہ دوم: محمد حفیظ، عمر اکمل، عبد الرحمن، سعید اجمل اور وہاب ریاض

زمرہ سوم: توفیق عمر، اسد شفیق، احمد شہزاد، اظہر علی، عدنان اکمل، تنویر احمد اور جنید خان۔