بھارتی بورڈ سچن کو 100 سنچریاں بنانے پر خصوصی اعزاز دے گا
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سالانہ ایوارڈز میں بین الاقوامی کرکٹ میں 100 سنچریاں جڑنے کا کارنامہ انجام دینے پر سچن تنڈولکر اور 2011-12ء میں بھارت کے سرفہرست بین الاقوامی کرکٹر بننے پر ویراٹ کوہلی کو پولی امریگر ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔یہ تقریب 21 نومبر کو ساحلی شہر ممبئی میں ہوگی۔
ویراٹ کوہلی رواں سال بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایوارڈز میں سال کے بہترین ایک روزہ کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں اور اب بی سی سی آئی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہیں پولی امریگر ایوارڈ اور ساتھ میں 5 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ ان سے قبل سچن تنڈولکر 2007ء اور 2010ء، وریندر سہواگ 2008ء، گوتم گمبھیر 2009ء اور راہول ڈریوڈ 2011ء میں یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
رواں سال اگست میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے والے وی وی ایس لکشمن کو بھی تقریب میں خصوصی اعزاز سے نوازا جائے گا جو بھارت کے اس سب سے بڑے شہر کے معروف تاج محل ہوٹل میں منعقد ہوگی۔علاوہ ازیں بھارتی کرکٹ کے سات لیجنڈ کھلاڑیوں وجے مرچنٹ، وجے مانجریکر، دتو پھڈکر، ونو منکڈ، غلام احمد، ایم ایل جیسیما اور دلیپ سارڈیسائی کو 'بعد از وفات' خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق ان تمام کھلاڑیوں کے ورثا کو یادگاری ٹرافی اور 15 لاکھ روپے کی خطیر رقم کے چیک دیے جائیں گے۔
تقریب میں بھارت کے سابق کپتان سنیل گاوسکر کو کرنل سی کے نائیڈو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا جائے گا۔ جس کے ساتھ ایک ٹرافی، سند اور 25 لاکھ روپے کا چیک شامل ہوگا۔
1994ء سے شروع کیے گئے لائف ٹیم اچیومنٹ ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑیوں میں بالترتیب لالا امرناتھ، سیدمشتاق علی، کیپٹن وجے ہزارے، کے این پربھو، پولی امریگر، کرنل ہیم چندر ادھیکاری، سبھاش گپتے، منصور علی خان پٹودی، بھاؤصاحب نمبلکر، چندرکانت بوردے، بشن سنگھ بیدی، چندرشیکھر، ای اے ایس پرسنا، وینکٹ راگھون، نریمن کانٹریکٹر ، گنڈاپا وشوناتھ، مہندر امرناتھ، سلیم درانی اور سال گزشتہ میں جیتنے والے اجیت واڈیکر شامل ہیں۔